0
Wednesday 24 Apr 2013 01:19

حملوں کے پیش نظر تمام انتخابی دفاتر کو فوری طور پر بند کردیا جائے، الطاف حسین

حملوں کے پیش نظر تمام انتخابی دفاتر کو فوری طور پر بند کردیا جائے، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پیپلز چورنگی میں واقع کیفے پیالہ کے قریب ایم کیو ایم کے انتخابی دفتر پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور دہشت گردوں کے حملے میں ایم کیو ایم کے متعدد ذمہ داران و کارکنان کے شہید و زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے نگراں حکومت اور چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان فخرالدین جی ابراہیم کی توجہ تواتر کے ساتھ ایم کیو ایم کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ اور ان پر مسلح دہشت گردوں کے حملوں پر دلاتے ہوئے کہا کہ امن و امان قائم رکھنا الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن گزشتہ چند روز میں ایم کیو ایم کے ایک نامزد امیدوار سمیت 25 سے زائد ذمہ داران اور کارکنان دہشت گرد حملوں میں شہید کئے جاچکے ہیں۔ الطاف حسین نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت سے سوال کیا کہ روزانہ ہونے والے ان دہشت گردی کے واقعات اور حملوں کی موجودگی میں پرامن انتخابات کا انعقاد کس طرح ممکن ہوسکتا ہے اور ان حالات میں کون ذی شعور فرد ووٹ دینے کیلئے گھر سے باہر نکلنے کی ہمت و جرات کرسکتا ہے؟

الطاف حسین نے کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ایم کیو ایم کی انتخابی مہم کے دوران کئے جانے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم بار بار اس بات کی نشاندہی کرچکی ہے کہ ایم کیو ایم، اے این پی اور پی پی پی کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کیلئے دہشت گرد عناصر کھلے عام دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن ایم کیو ایم کے بار بار توجہ دلانے اور دہشت گردی کے مسلسل واقعات کے باوجود ابھی تک امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کوئی ٹھوس لائحہ عمل اختیار نہیں کیا گیا ہے۔ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ دہشت گردوں کے حملے کے پیش نظر ایم کیو ایم کے تمام انتخابی دفاتر کو فی الحال فوری طور پر بند کردیا جائے اور اس فیصلے کی تحریری اطلاع دہشت گردی کے واقعات کی تفصیلات کے ساتھ نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھیج دی جائے۔ الطاف حسین نے دہشت گردوں کے حملوں میں جاں بحق ہونے والے کارکنان کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ حملے میں زخمی ہونے والے کارکنان کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعا کریں۔
خبر کا کوڈ : 257319
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش