0
Saturday 6 Jul 2013 19:48

چین کے تعاون سے معیشت کو بحال اور تمام بحرانوں کا خاتمہ کرینگے، نواز شریف

چین کے تعاون سے معیشت کو بحال اور تمام بحرانوں کا خاتمہ کرینگے، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ چین کے تعاون سے بجلی کے بحران پر قابو پا لیں گے۔ بجلی کی کمی پوری کرنے کے لئے طویل المعیاد منصوبہ بندی کر لی۔ معیشت کو بھی بحال کریں گے۔ چین کے شہر شنگھائی میں پاک چین توانائی فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے دورے کیلئے چین کا انتخاب مضبوط دوستی کے تناظر میں کیا، پاک چین دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ چین کے تعاون سے معیشت کو بحال اور تمام بحرانوں کا خاتمہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی بحران حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ توانائی سکیورٹی سے متعلق ایجنڈے پر کام جاری ہے۔ نندی پور منصوبے کو بحال کر دیا گیا ہے۔ لائن لاسز کم کرکے بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر بنایا جائے گا۔ چینی کمپنیاں سورج کی روشنی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں تعاون کریں۔ وزیراعظم توانائی فورم میں شرکت کیلئے بلٹ ٹرین کے ذریعے بیجنگ سے شنگھائی پہنچے۔ بیگم کلثوم نواز اور وزیراعلٰی پنجاب سمیت وفد کے دیگر ارکان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سفر کے دوران چینی حکام نے وزیراعظم کو بلٹ ٹرین سے متعلق بریفنگ دی۔ ٹرین میں نواز شریف نے چینی کمپنیوں کے سربراہوں سے بھی ملاقات کی۔

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے شنگھائی میں انرجی فورم سے خطاب میں کہا ہے کہ معیشت کی بحالی اور توانائی بحران کاخاتمہ بڑا چیلنج ہے، چین جیسے دوست کے تعاون سے توانائی بحران پر قابو پالیں گے۔ وزیراعظم بیجنگ سے بلٹ ٹرین ذریعے شنگھائی گئے۔ وزیراعظم نواز شریف چین کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر ہیں، جہاں وہ دورے کے اگلے مرحلے میں شنگھائی میں پاک چین انرجی فورم میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم نواز شریف نے خطاب میں کہا معیشت کی بحالی اور توانائی بحران کا خاتمہ بڑا چیلنج ہے۔ چین جیسے دوست کے تعاون سے توانائی بحران پر قابو پالیں گے، نواز شریف نے کہا پاکستان اور چین نے اقتصادی راہداری منصوبے پر اتفاق کیا، توانائی بحران کا حل نون لیگ کے منشور کا حصہ ہے، بجلی کی ترسیل کا نظام مضبوط بنائیں گے، وزیراعظم نواز شریف نے کہا پاکستان چین دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، چین کے ساتھ جامع اور پائیدار تعلق ہے۔ پہلے دورے کیلئے چین کا انتخاب مضبوط دوستی کے تناظر میں کیا۔

فورم میں چین کی پچاس سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی۔ اس سے پہلے بلٹ ٹرین کے سفر میں وزیراعظم نے چینی سرمایہ کاروں سے تفصیلی بات چیت کی۔ وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ نواز شریف کا کہنا تھا حکومت فرنس آئل سے چلنے والے تمام بجلی گھر کوئلے پر چلانا چاہتی ہے۔ ملک میں بجلی کی بہتر پیداوار کیلئے چینی کمپنیاں کردار ادا کریں اور مزید منصوبے شروع کئے جائیں، وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں چائنا انجینئرنگ کارپوریشن، ہواوے کمپنی، گجوبہ کمپنی کے سربراہان شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 280306
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش