0
Tuesday 21 Jan 2014 12:18

وفاقی وزراء نئی قومی سلامتی پالیسی بارے پوری طرح باخبر نہیں تھے

وفاقی وزراء نئی قومی سلامتی پالیسی بارے پوری طرح باخبر نہیں تھے
اسلام ٹائمز۔ پیر کو وفاقی کابینہ کا ایک انتہائی اہم اجلاس وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت ہوا جس میں نئی قومی سلامتی پالیسی پر مفصل بحث اور اس کی منظوری دینا ایجنڈے میں شامل تھی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور سیکریٹری داخلہ نے اجلاس کو نئی قومی سلامتی پالیسی پر بریفنگ بھی دی۔ اجلاس کی اندرونی کہانی سے باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر اور سیکریٹری داخلہ کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے بارے میں دیگر متعلقہ وزارتوں کے وزراء اور حکام مکمل طور پر تیار نہیں تھے۔ خصوصا وزارت قانون کے افسران اور وزیر نئی قانون سازی سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اثرات کے بارے میں کابینہ کی تسلی نہ کرسکے اس کے علاوہ ذرائع نے بتایا کہ مختلف وزیر بھی اس پالیسی کے بارے میں پوری طرح باخبر نہیں تھے۔ جس پر نواز شریف نے وزرا کے باہمی روابط اور تعلقات کار پر تشویش اور اظہار برہمی کیا۔
 
انھوں نے وزرا کو آپس میں تعلقات کار بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی مزید برآں ذرائع نے بتایا ہے کہ کابینہ کے اجلاس میں جونہی چوہدری نثار علی نے بریفنگ ختم کی تو مختلف وزیروں نے اس پر اعتراضات شروع کر دیے اور انھوں نے نئی قومی سلامتی پالیسی کے نقائص کو اجاگر کیا جس پر وزیراعظم نے وزیروں کو ہدایت کی کہ وہ اس بارے میں تیار ہو کر اگلے اجلاس میں آئیں۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب سے جب اس بارے میں بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کا اجلاس آئندہ چند روز میں ہوگا جس میں قومی سلامتی پالیسی کے بارے میں مختلف وزارتیں اپنا موقف پیش کریں گی اور توقع ہے کہ اسی اجلاس میں پالیسی کو منظورکر لیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 343322
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش