0
Thursday 22 May 2014 15:33

وزیراعظم نواز شریف کا دورہ بھارت کا آج فیصلہ کر لیا جائیگا، ترجمان دفترخارجہ

وزیراعظم نواز شریف کا دورہ بھارت کا آج فیصلہ کر لیا جائیگا، ترجمان دفترخارجہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی بھارتی حکومت خطے میں پائیدار امن کے لئے تمام مسائل پر بات کرے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اگر بات چیت کا عمل شروع نہ ہوا تو مسائل جوں کے توں رہیں گے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفینگ میں ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا اگر وزیراعظم نواز شریف بھارتی وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے گئے تو بھارتی قیادت سے یہ ان کی پہلی ملاقات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کی صورت میں کشمیر، آبی تنازع، دہشتگردی، عوامی رابطوں، تجارت اور سیاچین پر بات ہوگی۔ ترجمان نے امید ظاہر کی کہ نئی بھارتی قیادت سیاسی بیانات کو پس پشت ڈال کر ذمے داری کا مظاہرہ کرے گی۔

ایک سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی وزارت خارجہ پاکستانی صحافیوں کو معمول کی بریفنگ میں بھی مدعو نہیں کرتی جبکہ پاکستان میں بھارتی صحافیوں سے امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا۔ ایک اور سوال پر ترجمان نے کہا کہ بلوچستان ہمارا صوبہ ہے، بھارت کے ساتھ اس حوالے سے کوئی معاملہ نہیں، ماضی میں کالعدم تنظیموں کو بھارتی حمایت پر یہ معاملہ بھارت کے ساتھ اٹھایا گیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے چین میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح اس وقت بھی چین کے ساتھ کھڑا ہے۔
خبر کا کوڈ : 385155
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش