0
Wednesday 13 Apr 2011 13:14

عوامی مشکلات کے پیش نظر ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں موبائل سروس جلد بحال کر دیں گے، میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ

عوامی مشکلات کے پیش نظر  ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں موبائل سروس جلد بحال کر دیں گے، میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ
پشاور:اسلام ٹائمز۔جنوبی وزیرستان و ڈیرہ اسمعیل خان میں پاک فوج کے آپریشنل کمانڈر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ ٹانک اور ڈیرہ اسمعیل خان میں تاجروں اور عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے موبائل سروس کو جلد بحال کریں گے۔ منگل کے روز سماجی، تاجر اور صحافتی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے آپریشنل کمانڈر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہاکہ پاک فوج علاقے میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے آغاز پر سول انتظامیہ، پولیس، سول سوسائٹی اور خصوصاً عوامی تعاون کو سراہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں میلے کے کامیاب انعقاد پر تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے سے ذریعہ معاش کے نئے مواقع پید ا ہوتے ہیں لہٰذا مستقبل میں بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں میلہ اسپاں کی طرز پر پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے ڈیرہ اسماعیل خان کو  بے پناہ ٹیلنٹ اور قدرتی وسائل سے نوازا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے ٹیلنٹ اور وسائل کا بہترین استعمال کرتے ہوئے علاقہ کو امن، ترقی اور خوشحالی کی بلندیوں پر لے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پا ک فوج کی بھر پور کوشش رہی ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں عوام اور سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس علاقے میں موجود وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ اُنھوں نے کہا کہ پاک فوج نے رتہ کلاچی سٹیڈیم کو از سرِ نو تعمیر کر کے سول انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے اب وہ پہلے سے بہتر حالت میں ہے۔ میں اُمید کرتا ہوں اب ڈیرہ اسماعیل خان میں کھیلوں کے انعقاد سے صحت مندانہ سرگرمیوں کا اضافہ ہوگا۔ جو کہ امن اور خوشحالی کے فروغ کے لئے بہت ضروری ہے ۔
اس موقع پر وفد میں شامل اراکین نے طویل عرصے سے موبائل فون سروس کی بندش کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس پابندی کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ جس پر آپریشنل کمانڈر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے عوامی مشکلات کے پیش نظر وفد کو موبائل فون سروس کی جلد بحالی کا یقین دلایا۔
خبر کا کوڈ : 65026
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش