0
Thursday 26 May 2011 10:19

دہشتگردی کیخلاف کردار ادا کرنے پر پاکستان کو نقصان اٹھانا پڑا، امریکی سفیر کا اعتراف

دہشتگردی کیخلاف کردار ادا کرنے پر پاکستان کو نقصان اٹھانا پڑا، امریکی سفیر کا اعتراف
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں متعین امریکی سفیر نے اعتراف کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم اتحادی کا کردار ادا کرنے کی وجہ سے پاکستان کو نیوی بیس پر حملے کے نتیجے میں جانی نقصان کے ساتھ انتہائی بیش قیمت P3-C Orion طیاروں سے ہاتھ دھونا پڑا۔ دنیا کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرے۔ جاپان کے سفیر کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں بات چیت کرتے ہوئے امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا کہ ان کا ملک مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہے۔ پی این ایس مہران پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصان کے ازالے کے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں امریکی سفیر نے جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ سوال کے جواب کا دائرہ لامحدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے شاندار خدمات انجام اور قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور جوہری معاملات پر بات کی ہے لیکن سب سے اہم سوال ملک کی معیشت ہے۔
کیمرون منٹر نے کہا کہ میری ذاتی رائے یہ ہے کہ پاکستان کی معیشت کو درست ٹریک پر ہونا چاہئے، جس سے دیگر مسائل ازخود حل ہوتے جائیں گے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین بھی گفتگو میں شامل ہو گئے اور امریکی سفیر کے ساتھ بات چیت کی۔ امریکی سفیر نے چوہدری شجاعت کو حکومت میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت نے کہا کہ ان کی جماعت کی حکومت میں شمولیت سے موجودہ انتظام کے حوالے سے تمام غیریقینی اور افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔ امریکی سفیر کی رائے تھی کہ حکومت اور دونوں ملکوں کی حکومت اور مسلح افواج کے درمیان کوئی مسائل نہیں ہیں، لیکن میڈیا جس طرح کے خدشات پھیلا رہا ہے وہ زمینی حقائق سے بالکل مختلف ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں امریکی سفیر نے کہا کہ وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے دورہ پاکستان کا شیڈول طے نہیں ہے لیکن امکان ہے کہ وہ آئندہ ماہ خطے کا دورہ کریں گی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ جب مجھے اخبار کے ذریعے معلوم ہوا کہ ہلیری کلنٹن پاکستان کا دورہ کریں گی تو میرا کہنا تھا کہ پہلے اس بات کی تصدیق کر لیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عہدہ چھوڑنے والے ایڈمرل مائیک مولن کے متبادل کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا، لیکن عہدہ چھوڑنے سے قبل وہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اسی طرح ڈیوڈ پیٹریاس اور لیون پنیٹا کی جانب سے بالترتیب سربراہ سی آئی اے اور وزیر دفاع عہدہ سنبھالنے سے قبل پاکستان کا دورہ کریں گے۔ امریکی سفیر نے ہلکے پھلکے لہجے میں کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ گھر میں خوشگوار اور پرسکون ماحول ہو تو آپ کو چاہئے کہ خود سے زیادہ عقلمند اور زیادہ پرکشش بیوی تلاش کریں۔ اس سے کئی پیچیدگیاں ختم اور کچھ سہولتیں میسر آتی ہیں۔ پھر انہوں نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ میں یہ بات آن دی ریکارڈ کہہ رہا ہوں۔ ملک کی دگرگوں سیاسی و امن عامہ کی صورتحال جاپانی سفیر کے عشائیے میں بحث کا موضوع رہی۔ جاپانی سفیر نے پاکستان میں نیا عہدہ سنبھالنے پر مقامی ہوٹل میں عشائیے کا اہتمام کیا تھا۔ شرکاء کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی، لیکن ہر ایک پاکستان میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر پریشان نظر آ رہا تھا۔
خبر کا کوڈ : 74656
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش