0
Friday 28 Dec 2012 10:20

قائداعظم کے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے کراچی کو مقتل بنا دیا ہے، آفاق احمد

قائداعظم کے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے کراچی کو مقتل بنا دیا ہے، آفاق احمد
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کراچی میں ہونے والی قتل و غارت گری پر انتہائی دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے کراچی کو مقتل بنا دیا ہے جبکہ بے گناہ انسانوں کا خون پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے۔ چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دور میں حکومت اور اتحادیوں سمیت اس کی ذیلی تنظیم نے صرف کراچی میں 7500 سے زائد بے گناہ افراد کو قتل کیا ہے لیکن قاتلوں کی گرفتاری کے نام پر سوائے سیاسی مخالفین کو گرفتار کرنے کے کچھ نہیں کیا گیا بلکہ انسانیت سوز جرائم میں ملوث دہشت گردوں کو باقاعدہ تحفظ دیا جا رہا ہے اور ریاستی مشینری ان قاتلوں اور دہشت گردوں اور ان کے اسلحہ و گولہ بارود کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کیلئے استعمال کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قاتلوں اور لٹیروں کی اس مفاہمت نے اس ملک اور ملک کے عوام کو برباد کر دیا ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ قومی ادارے فیصلہ کریں کہ وہ جمہوریت کی اور کیا قیمت ادا کرنا چاہتے ہیں، کیا وہ پاکستان کی قیمت پر آنکھیں بند کئے بیٹھے ہیں؟ آفاق احمد نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں جرات مندانہ کردار ادا کرنے کیلئے اپنے آپ کو تیار کریں کیونکہ قوم کو اس دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کیلئے کوئی غیر نہیں آئے گا بلکہ ہمیں ہی ایک دوسرے کا سہارا بننا ہوگا۔
 
آفاق احمد نے کہا کہ وڈیروں، جاگیرداروں پر مشتمل پارلیمنٹ اور اپنی مستی میں مست اداروں کی طرف دیکھنے کی بجائے ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے آئندہ انتخابات میں جرات مندانہ فیصلے کرنے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ اپنی قوم کو دہشت گردوں سے نجات دلانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 225072
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش