0
Tuesday 10 Jul 2012 23:41

بشریت کی نجات کے لئے امریکہ اور اسرائیل کی حکمرانی کو ختم کرنا ہو گا، ڈاکٹر احمدی نژاد

بشریت کی نجات کے لئے امریکہ اور اسرائیل کی حکمرانی کو ختم کرنا ہو گا، ڈاکٹر احمدی نژاد
اسلام ٹائمز۔ ایرانی صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے تہران میں خواتین اور اسلامی بیداری کی عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سامراجی ممالک جھوٹے نعروں کے ذریعے اقوام کے ذخائر کی لوٹ مار کرتے ہیں۔ فارس نیوز کے مطابق ڈاکٹر احمدی نژاد نے آج تہران میں خواتین اور اسلامی بیداری کی عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ غلامی کے دور میں ظلم بہت نمایاں تھا، انہوں نے کہا کہ سامراجیوں نے انسانی حقوق، اقوام کی آزادی اور دفاع، بہتر معیار زندگی اور آسائش کے وعدوں اور عظیم اقتصادی اور سیاسی ترقی و پیشرفت کے نعروں کے ذریعے اقوام کو بہت زیادہ دھوکہ دیا ہے تاکہ ان کے ذخائر کو لوٹ سکیں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ انسان کو ایک عظیم زندگی کے لۓ پیدا کیا گیا ہے لیکن ابھی تک یہ مقصد پورا نہیں ہوسکا ہے، انہوں نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ آج انسان اور حقیقت انسان پر ایسا ظلم کیا جارہا ہے کہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ہے۔ ڈاکٹر احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ ہم سب کا فرض ہے کہ بشریت کی نجات اور دنیا میں عدالت کی برقراری کے لئے مل کر کوشش کریں اور اس کے لئے ہمیں امریکہ اور اسرائیل کی حکمرانی ختم کرنی ہوگی، انہوں نے کہا کہ خدا کی قسم وہ وقت آنے والا ہے جب اس دنیا سے امریکہ اور اسرائیل کے وجود کا خاتمہ ہو جائے گا۔

ڈاکٹر احمدی نژاد نے کہا کہ خدا نے انسان کو اس لئے خلق نہیں کیا کہ وہ حقارت و ذلت کی زندگی بسر کرے، خدا نے انسان کو خلیفہ کا
مقام عطا کیا اور اسکو اسقدر کرامت سے نوازا کہ اسکے ہر فعل سے خدا کی عظمت کی جھلک نظر آئے، لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے، آج انسان پر بدترین ظلم و ستم ہو رہے ہیں۔ آج تین ارب سے زیادہ لوگ فقر کی زندگی بسر کر رہے ہیں، اور اپنی زندگی کی بنیادی ضروریات بھی پوری نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی بیداری صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ دنیا کے تمام انسانوں کے لئے ہے۔ 

ایرانی صدر نے انسانی زندگی میں عورت کے مقام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی بیداری اور اس میں آنے والے تحولات میں خواتین مردوں سے زیادہ موثر ہیں۔ خداوند نے عورت کو بہت سے فضائل سے نوازا ہے، جو ہے وہ عورت کی قلبی کیفیت سے ہے۔ بچے کی پاک سرشت میں اسکی ماں کے پاک دودھ کی تاثیر ہوتی ہے۔ اگر عورت ارادہ کر لے تو دنیا کو تبدیل اور اسکی اصلاح کر سکتی ہے۔ آج دنیا میں سب سے زیادہ غرب میں عورت کے حقوق پامال ہو رہے ہیں۔ 

انہوں نے تقریب میں موجود خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس معاشرے کی خواتین بیدار ہیں وہ معاشرہ بھی بیدار ہے۔ آپ سب کا وظیفہ بہت سنگین ہے، جس میں اپنے گھر کے ساتھ معاشرے کی تربیت بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ تہران میں آج صبح خواتین اور اسلامی بیداری کی عالمی کانفرنس کا آغاز ہوا جس میں سیاسی، سماجی، ثقافتی اور علمی میدانوں میں سرگرم ایک ہزار پانچ سو ایرانی اور غیر ملکی خواتین نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 178140
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش