0
Friday 13 Sep 2013 19:43

طالبان سے دوستی کیلئے پرامید حکمران جلد انکے فریب کا نشانہ بنیں گے، علامہ حسن ظفر نقوی

طالبان سے دوستی کیلئے پرامید حکمران جلد انکے فریب کا نشانہ بنیں گے، علامہ حسن ظفر نقوی
اسلام ٹائمز۔ ملک کا سپہ سالار کہہ رہا ہے کہ پاکستان کو بیرونی دشمن سے زیادہ اندرونی دشمن سے خطرہ ہے، لیکن حکمران دہشت گردوں سے مذاکرات کی باتیں کر رہے ہیں، قوم وہ دن جلد دیکھے گی جب مسلم لیگ نون اور طالبان کے درمیان اس عاشقی کے ڈرامے کا ڈراپ سین ہوگا، دہشت گردوں کی دھمکیوں پر پھانسی روک کر ان کے سامنے ہتھیار ڈالنے والے سیاستدانوں کو شرم آنی چاہیے، اب تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دہشت گرد حکومتی ایجنٹ نہیں بلکہ حکومت دہشت گردوں کی ایجنٹ ہے، ہم نے خون کے نذرانے دے کر یہ وطن عزیز حاصل کیا ہے۔ ملت جعفریہ ملک کے ایک ایک انچ کا تحفظ کرے گی، ملک سے ٹارگٹ کلنگ کیسے ختم ہوسکتی ہے جب ٹارگٹ کلرز کے سرپرست ایوانوں میں موجود ہوں، شام پر امریکی حملہ تیسری عالمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، عرب ممالک ہوش کے ناخن لیں اور مصر و شام کے مسلمانوں کے خون ناحق میں اپنے ہاتھ رنگین نہ کریں۔

ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی اور کراچی ڈویژن کے سیکریٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نے شام پر ممکنہ امریکی جارحیت، مصر میں بیگناہوں کے قتل عام اور طالبان دہشت گردوں سے حکومتی مذاکرات کے خلاف سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر کراچی میں جامع مسجد کھارادر میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔ بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ قائد مقاومت سید حسن نصراللہ نے اعلان کیا ہے کہ دنیا کے دہشت گردوں آؤ شام میں، تاکہ تمہارا قلع قمع کرنے کے لئے تمہیں دھونڈنا نہ پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ شام کے مسئلے پر عیسائی اور ہندو نہیں بلکہ عرب حکمرانوں نے اپنی امریکی غلامی کا ثبوت دے دیا ہے، اگر عرب حکمران اتنے ہی مسلمانوں کے خیر خواہ اور جمہوریت پسند ہیں تو مصر میں جمہوری حکومت کے خلاف سازشیں کیوں کیں، خود شاہی نظام حکومت کا خاتمہ کرکے اقتدار عرب عوام کو کیوں منتقل نہیں کر دیتے، افسوس کا مقام ہے کہ سعودیہ جیسے اسلامی ملک کا سرمایہ مسلم امہ کی نسل کشی میں استعمال ہو رہا ہے، عرب حکمران امریکہ کو پیسہ دے کر شام کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرکے امریکہ و اسرائیل سے اپنی وفاداری کا اعلان کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر مظلوم کے ساتھ ہیں چاہے وہ مصر ہو، بحرین ہو، یمن ہو یا کہ شام، عرب لیگ کا شرمناک کردار اس بات کی دلیل ہے کہ عرب حکمران کبھی بھی امریکہ کی غلامی سے آزاد نہیں ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 301498
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش