0
Friday 17 Jul 2009 11:01

گیلانی منموہن ملاقات،جامع مذاکرات پر اتفاق

گیلانی منموہن ملاقات،جامع مذاکرات پر اتفاق
  شرم الشیخ:مصر کے شہر شرم الشیخ میں غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے 15ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور انکے بھارتی ہم منصب منموہن سنگھ میں ملاقات ہوئی جس میں دہشت گردی کا ملکر مقابلہ کرنے اور جامع مذاکرات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں پاک بھارت تعلقات کے فروغ اور جامع مذاکرات جاری رکھنے پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کے بعد ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق جامع مذاکرات کو دہشتگردی کیخلاف کارروائی سے مشروط نہیں کیا جائیگا بلکہ دہشت گردوں کو دونوں ممالک کا مشترکہ دشمن قرار دیتے ہوئے دہشتگردی کا ملکر مقابلہ کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ دہشت گردی کے مقابلے کیلئے انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ بھی کیا جائیگا۔ دونوں ممالک کے وزراء اعظم کے درمیان سیکرٹری خارجہ سطح پر مذاکرات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا جس کے مطابق ستمبر میں دونوں وزراء خارجہ ملاقات کرینگے۔ ملاقات اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہو گی۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ غربت کے خاتمہ اور ترقی کیلئے علاقائی سطح پر بھی کوششیں جاری رکھی جائینگی۔ ملاقات میں بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے پاکستانی ہم منصب سے ممبئی حملوں کے ملزموں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جس پر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان نے تحقیقات کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی ہیں اور بھارت سے مزید معلومات اور شواہد مانگے ہیں جس پر بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ ان تفصیلات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ گیلانی نے بھارتی ہم منصب کو یقین دہانی کرائی کہ ممبئی حملوں کے ملزموں کیخلاف پاکستان اپنی پوری کوشش کریگا۔ وزیراعظم گیلانی نے ملاقات میں بلوچستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ اٹھایا جس پر من موہن سنگھ نے اس معاملے کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جاری ہونیوالے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں وزراء اعظم نے تسلیم کیا کہ مذاکرات ہی آگے جانے کا واحد حل ہے اور دہشت گردی کیخلاف کارروائی کو جامع مذاکرات میں حائل نہیں کرنا چاہئے۔ قبل ازیں بات چیت کے آغاز سے قبل وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بھارتی ہم منصب کیساتھ گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پہلے وفود کے ہمراہ تقریباً 25منٹ تک ملاقات کی جس کے بعد 90منٹ تک ون آن ون مذاکرات ہوئے۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ من موہن سنگھ کے ساتھ ملاقات نہایت ہی مثبت اور تعمیری رہی اور تمام تصفیہ طلب معاملات پر گفتگو ہوئی جبکہ بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ مستحکم، اسلامی جمہوریہ پاکستان بھارت کے مفاد میں ہے۔ پاکستان سے دیرینہ حل طلب مسائل سمیت تمام معاملات پر بات چیت کیلئے تیار ہیں۔

خبر کا کوڈ : 8301
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش