0
Tuesday 25 Dec 2012 20:02

بلوچستان ڈھاکہ کا منظر پیش کر رہا ہے، حکمرانوں نے کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے، سراج الحق

بلوچستان ڈھاکہ کا منظر پیش کر رہا ہے، حکمرانوں نے کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر پر پاکستان کا جھنڈا تک نہیں پاکستان مردہ باد کے نعرے لگتے ہیں لیکن حکمرانوں کو کرپشن اور لوٹ مار سے فرصت نہیں وہ شباب ملی پی پی 6 کے تحت چکری روڈ پر منعقدہ جیوے پاکستان کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر امیدوار NA-52 خالد محمود مرزا، امیدوار PP-6میجر (ر)محمد منیر اعظم، نائب امیر ضلع رضوان احمد، سردار نثار، ظفر جوئیہ ایڈووکیٹ، حافظ اکرام عربی، سید مخدوم شاہ، طارق عباسی سمیت دیگررہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ نامزد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ سراج الحق کی جلسہ گاہ میں آمد کے موقع پر پنڈال اللہ اکبر اور اسلامی انقلاب کے نعروں سے گونج اٹھا۔

اس سے قبل رحمت آباد، گلشن آباد، چکلالہ سمیت دیگرعلاقوں سے مقامی رہنماؤں کی قیادت میں نوجوانوں کے جلوس جلسہ گاہ میں پہنچے۔ سراج الحق نے کہاکہ زرداری اور نواز شریف میں کوئی فرق نہیں دونوں نے مل کر ملکی معیشت اور امن وامان کو تباہ کیا کرپٹ وڈیرے اور جاگیر دار اپنی پرانی پارٹیوں کو چھوڑ کر تحریک انصاف اور دیگر پارٹیوں میں شامل ہورہے ہیں عوام بھیس بدلنے والے منافقین کو پہچانیں اوران سے دھوکہ کھانے کی بجائے جماعت اسلامی کی دیانت دار قیادت کی پشتیبانی کرے۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ ٹولے نے شہروں کی بجائے قبرستان آباد کئے روٹی کپڑا کی بجائے گولی او ر کفن دیا جماعت اسلامی ایک ویژن، نظرئیے اور منشور کا نام ہے جبکہ پاکستان میں موجود دیگر مفاد پرست گروہ عوام کو دھوکہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا چار سال تک نیب آفیسر میرے خلاف بدعنوانی کے ثبوت تلاش کرنے کے بعد مجھے مبارکباد دیتا ہے کہ آپ کا دور حکومت کرپشن سے پاک ہے یہ میری نہیں سید مودودی کے نظرئیے کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ چیف جسٹس کے ہاتھ میں انگریز کی کتاب کی بجائے اللہ کا قرآن ہو اور وہ اس کے مطابق فیصلے کرے۔ سراج الحق نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں پاکستان امت مسلمہ کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دے گا انھوں نے کہا کہ پاکستان کو انڈیا کے ایٹم بم سے زیادہ کرپٹ اور بددیانت قیادت سے خطرہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 224880
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش