0
Tuesday 27 Jan 2015 11:07

یوم سیاہ پر آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں کشمیری سڑکوں پر نکل آئے

یوم سیاہ پر آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں کشمیری سڑکوں پر نکل آئے
اسلام ٹائمز۔ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے بھارت کا ۶۶ واں یوم جمہوریہ بھی یوم سیاہ کے طور پر منایا، آزادی کے حق میں ریلیاں، جلسے جلسوں کا انعقاد، قراردادیں منظور، اقوام متحدہ کے دفاتر میں یادداشتیں پیش کی گئیں، عالمی ادارے سے مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اسلام آباد میں یو این آفس کے باہر حریت کانفرنس کے مظاہرے میں صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب نے بھی شرکت کی۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے صدر یعقوب نے کہا کہ اگر بھارت کو سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت دی گئی تو پورے آزاد کشمیر میں کشمیری کفن پوش مظاہرے کریں گے۔ 

مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں حکومت آزاد کشمیر کی اپیل پر بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔ مظفرآباد میں یوم سیاہ کی سب سے بڑی تقریب وزیراطلاعات سید بازل علی نقوی کی زیرصدارت سینٹرل پریس کلب مظفرآباد میں ہوئی۔ وزیر اطلاعات نے اس موقع پر کشمیر کلچرل اکیڈمی کے زیراہتمام تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا۔ تصویری نمائش میں مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کیا گیا تھا۔ 

مظفرآباد میں ہی متحدہ جہاد کونسل اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کی طرف سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ حزب المجاہدین کے زیراہتمام بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر حزب المجاہدین کے دفتر سے گیلانی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظفرآباد میں اقوام متحدہ کے مبصر مشن میں یادداشتیں پیش کی گئیں۔ میرپور میں بھِ ضلع کچہری سے احتجاجی جلوس نکالا گیا۔ کوٹلی میں احاطہ ڈپٹی کمشنر آفس سے احتجاجی جلوس نکالا گیا جو کچہری وین روڈ سے ہوتا ہوا واپس احاطہ ڈی سی آفس پہنچ کر احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کر گیا۔
خبر کا کوڈ : 435280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش