0
Monday 23 Jul 2012 18:52

رمضان کے پہلے جمعہ کو یوم یکجہتی شہدائے فلسطین منایا جائیگا، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان

رمضان کے پہلے جمعہ کو یوم یکجہتی شہدائے فلسطین منایا جائیگا، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان
اسلام ٹائمز۔ ماہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو ’’یوم یکجہتی شہدائے فلسطین‘‘ منایا جائے، فلسطینی شہداء کے خانوادوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مساجد میں بعد نماز جمعہ خصوصی خطاب کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی (رہنما جماعت اسلامی)، علامہ قاضی احمد نورانی (رہنما جمعیت علماء پاکستان)، محفوظ یار خان ایڈووکیٹ (رہنما عوامی مسلم لیگ پاکستان)، سید شبر رضا (رہنما جعفریہ الائنس پاکستان) اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے ایک مشترکہ اجلاس کے بعد پاکستان کے عوام، علماء، سول سوسائٹی، طلباء برادری، تاجر برادری اور دیگر شعبہ ہای زندگی سے تعلق رکھنے والے ہر پاکستانی سے اپیل کرتے ہوئے کیا۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے ملک میں بسنے والے ہر پاکستانی خواہ وہ کسی بھی شعبہ سے وابستہ ہے، سے پُر زور اپیل کی ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو ’’یوم یکجہتی شہدائے فلسطین‘‘ کے عنوان سے منایا جائے۔ رہنماؤں نے علمائے کرام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ علماء کرام جمعہ کے روز مساجد میں نماز جمعہ کے خطبوں میں فلسطینی شہداء کے لئے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعائیں کریں۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان، ماہ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو فلسطینی شہداء سے اظہار یکجہتی کے عنوان سے منائے گی اور اس حوالے سے خصوصی پروگرام ترتیب دئیے جائیں گے جبکہ شہر کی جامعہ مساجد کے باہر فلسطینی شہداء کے خانوادوں کو عید کے تحائف بھیجنے کی غرض سے عطیات بھی جمع کئے جائیں گے۔

اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مظلوم اور نہتے عوام گذشتہ 64 برسوں سے عالمی استعمار امریکہ کی ناجائز اولاد غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے تسلط میں ہیں، جہاں آئے روز درجنوں فلسطینیوں کو شہید کر دیا جاتا ہے اور اقوام عالم نے اس پر اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں، تاہم ایسے وقت میں پاکستان کے باضمیر اور غیور عوام کا فلسطینی شہداء سے اظہار یکجہتی کا دن منانا دراصل پاکستانی قوم کے زندہ ہونے کی عظیم مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بانی رہنماؤں اور بزرگوں نے ہمیشہ فلسطین کی حمایت و مدد کی ہے۔ لہذٰا یہ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ بانیان پاکستان کی سیرت پر عمل پیرا ہو کر اپنے دینی و اخلاقی فریضہ کی انجام دہی میں کوتاہی نہ کرے۔
خبر کا کوڈ : 181479
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش