0
Saturday 25 Aug 2012 11:26

مشکل کی گھڑی میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، کائرہ

مشکل کی گھڑی میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، کائرہ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر ملکر متاثرین کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔ حکومت پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور متاثرین کی بحالی اور امداد کے لیے ہر ممکن وسائل استعمال کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس موقع پر اپوزیشن، میڈیا اور سول سوسائٹی بھی اپنا کردار ادا کرے۔ توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے ہائیڈرل منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جا رہا ہے اور بارشوں سے تباہ ہونے والی سٹرکوں اور انفراسٹریچر کو جلد از جلد بحال کیا جا رہا ہے۔ آزاد کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومت پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور اس کے منطقی انجام تک پہنچنے تک کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھی آزادی کا سورج دیکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیراعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں صدر ریاست سردار محمد یعقوب اور وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے حکومت قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ ایک سوا ل کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پی پی حکومت مفاہمتی پالیسی کے فلسفہ پر یقین رکھتی ہے اور مفاہمتی پالیسی کا یہ عمل آزاد کشمیر میں بھی جاری ہے۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے لیے میگا پروجیکٹس کی منظوری کے بعد میں یہ دیکھ رہا ہوں کہ اگلے دس سالوں میں آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا ایک انقلاب آنے والا ہے۔ خطہ کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنا اور خطہ سے بے روزگاری کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ 

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت اگر طے شدہ فارمولے سے ہٹ کر کوئی بھی پن بجلی کا منصوبہ شروع کرے گا تو عالمی عدالت انصاف میں جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ تحریک آزادی کی کامیابی میں ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر ٹیلی ویژن کو آئندہ بجٹ کا حصہ بنائے تاکہ اے جے کے کے ٹیلی ویژن کے ذریعے تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیر میں ہونے والی تعیمر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔
خبر کا کوڈ : 189838
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش