0
Wednesday 29 Aug 2012 07:44

غیر وابستہ تنظیم کی سربراہی ایران کے لئے خوش آئند اقدام ہے، پاکستانی سفارتکار

غیر وابستہ تنظیم کی سربراہی ایران کے لئے خوش آئند اقدام ہے، پاکستانی سفارتکار
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران میں تعینات پاکستان کے پریس کونسلر نے ناوابستہ تحریک کے حالیہ اجلاس کے بارے میں نم نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اجلاس ایسے حالات میں منعقد ہو رہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کو سیکوریٹی، سلامتی اور امن و امان کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا ایسے میں اس عالمی ادارے سے یہ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ ان چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے موثر اقدامات انجام دے تاکہ ناوابستہ تحریک کے رکن ممالک کو سلامتی کے بحرانوں سے نکالا جا سکے۔

پاکستانی سفارتخانے میں ذرائع ابلاغ اور ثقافتی و تعلیمی امور کے انچارج مظفر جعفری نے انسانی حقوق کی پاسداری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناوابستہ تحریک انسانی حقوق کے عالمی چارٹر کو سامنے رکھتے ہوئے عملی اقدام تجویز کرے تاکہ بعض بڑی طاقتوں کی ہاتھوں سے انسانی خلاف ورزی کا ہتھیار لے لیا جائے اور وہ انسانی حقوق کے نام پر بعض ملکوں پر یکطرفہ اور بے جا پابندیاں عائد نہ کر سکیں۔

مظفر حسین جعفری نے یہ بات زور دے کر کہی کہ معاشی اور معاشرتی ترقی کے لئے امن و سلامتی نہایت ضروری ہے اور ناوابستہ تحریک میں شامل اکثر ممالک غریب یا ترقی پذیر ممالک ہیں لہذا ان ممالک میں اقتصادی ترقی اور ان کی عوام کی معاشی و معاشرتی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات تجویز کیئے جائیں۔

سفارت پاکستان کے پریس کونسلر اور میڈیا ترجمان نے ناوابستہ تحریک کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اجلاس میں رکن ممالک کی وسیع اور فعال شرکت اس بات کی علامت ہے کہ رکن ممالک اس اہم ادارے کو پہلے سے زیادہ فعال بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

پاکستان کے اس اہم سفارتکار نے ناوابستہ تحریک کے آئندہ تین سالوں میں ایران کی سربراہی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاکستان کے نمائندے نے ناوابستہ تحریک کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ ایران کو دنیا بالخصوص ناوابستہ تحریک کے رکن ممالک کو در پیش چیلنجوں کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی فعالیت کو آگے بڑھانے ہوگا اور اگر ناوابستہ تحریک کے رکن ممالک سیکوریٹی، سلامتی، اقتصادی اور معاشی میدانوں میں مل کر آگے بڑھیں گے تو نہ صرف رکن ممالک انفرادی طور پر ترقی و پیشرفت کی منزلیں طے کریں گے بلکہ ناوابستہ تحریک کا پورا ادارہ بھی اپنے مطلوبہ اہداف کی طرف قدم بہ قدم آگے بڑھتا رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 190883
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش