0
Tuesday 8 Jan 2013 01:58

مشن حسین (ع) کی سربلندی کے لئے ہر قربانی کے لئے تیار رہنا چاہیئے، ناصر شیرازی

مشن حسین (ع) کی سربلندی کے لئے ہر قربانی کے لئے تیار رہنا چاہیئے، ناصر شیرازی
اسلام ٹائمز۔ امام حسین (ع) نے میدان کربلا میں کہا تھا کہ ذلت ہم سے دور ہے، اسی طرح امام حسین (ع) کے ماننے والوں سے بھی ذلت دور ہے اور ہم کسی بھی ذلت کو قبول نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے سیال موڑ سرگودھا میں سانحہ ہلال پور کے خلاف منعقدہ احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ولایت کا راستہ ہی ہدایت کا راستہ ہے، لیکن جب تک ہم اپنی اجتماعی زندگی میں امت واحدہ کی طرح نہیں چلیں گے ہم ولایت کو نہیں پا سکتے، انہوں نے کہا کہ کربلائی افراد کی موت بھی زندگی کی علامت ہوا کرتی ہے۔ لہذا ہمیں ہر وقت مشن حسین (ع) کی سربلندی کے لئے ہر قربانی کے لئے تیار رہنا چاہیئے۔ یہ افسوس ناک واقعہ فرقہ وارانہ نہیں بلکہ انتظامیہ کے منافقانہ کردار اور چند فرقہ پرست افراد کے تعصب کی وجہ سے وقوع پذیر ہوا ہے۔ 

انہوں نے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے کہا ہم سرگودھا انتظامیہ کو 27 جنوری تک کا مناسب وقت دے چکے ہیں۔ اگر انتظامیہ نے جانبدارانہ کردار ترک نہ کیا تو ملت جعفریہ لبیک یا حسین (ع) کہتی ہوئی سٹرکوں پر نکل آئے گی، اور علاقہ کی تمام اہم شاہراوں کو بند کر دیا جائے گا، اور احتجاجی کیمپ لگا کر غیر معینہ مدت تک دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتظامیہ پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر ہمارے مطالبات کو تسلیم نہ کیا گیا تو ہم امام حسین (ع) کے مشن کے وارث ہونے کے ناطے مشن حسین (ع) کو زندہ کرنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اور اگر ہمیں بی بی زینب (س) اور امام سجاد (ع) کی طرح قید و بند کی صعوبتیں بھی برادشت کرنا پڑیں تو پھر بھی ہم امام حسین (ع) کے پرچم کو جھکنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دروازے کھولے ہیں کیونکہ ہم جمہوری راستہ چاہتے ہیں۔ 
خبر کا کوڈ : 229081
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش