0
Friday 12 Jul 2013 13:26

مسلم کانفرنس 13تا19جولائی ہفتہ الحاق پاکستان منائے گی

مسلم کانفرنس 13تا19جولائی ہفتہ الحاق پاکستان منائے گی
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر بھر میں 13 تا 19جولائی ہفتہ الحاق پاکستان کی تقریبات شایان شان طریقے سے منائی جائیں گی۔ جن میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی، استحکام، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور الحاق پاکستان کے حوالہ سے صدر جماعت سردار عتیق احمد خان کی ہدایت پر پوری دنیا اور کشمیر بھر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ میرپور کے چاروں حلقہ جات ڈڈیال،چکسواری، میرپور اور کھڑی میں الحاق پاکستان کی تقریبات بطور خاص منعقد کی جائیں گی۔ جن میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی قائدین خصوصی طور پر شرکت فرمائیں گے۔ ان تقریبات میں مسلم کانفرنس کے سپریم ہیڈ مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار مسلم کانفرنس ضلع میرپور کے صدر چودھری شوکت علی نے کارکنوں کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا بڑا بھائی اور ہماری امیدوں کا مرکز و محور ہے۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے۔ مجاہداول سردار عبدالقیوم خان نے ہمیں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ محبت و پیار اور الحاق پاکستان کا درس دیا ہے۔ استحکام پاکستان اور الحاق پاکستان ہماری زندگیوں کا بڑا مشن ہے۔ کشمیریوں کے دل ہر وقت پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیر اور پاکستان آپس میں سیاسی و سماجی ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ پاکستان ہمارا سکھ چین اور ارمان، مان اور ہماری جان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے تمام کارکن پاکستان کے بلاتنخواہ سپاہی ہیں، ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ 

شوکت علی چودھری نے کہا کہ کارکن ہمارے دست و بازو ہیں، کارکن الحاق پاکستان کی تمام تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور آپس میں رابطے میں رہیں۔ مسلم کانفرنس ایک عقیدے اور نظریے کی بنیاد پر قائم ہوئی، بڑے نشیب و فراز اور آزمائشوں سے گزری مگر ہمیشہ کارکنوں کے لازوال جذبوں کی بدولت ہر امتحان میں سرخرو ہوئی۔ سردار عبدالقیوم خان نے آج سے کئی سال قبل جو پودا لگایا تھا آج وہ تناور درخت بن چکا ہے کوئی طاقت بھی مسلم کانفرنس کو ختم نہیں کر سکتی بلکہ اس کو ختم کرنے والے اپنی پہچان بھی ختم کر گئے۔ مسلم کانفرنس آج بھی پوری آب و تاب کے ساتھ زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گی اور تقسیم کشمیر کی سازشوں کو بے نقاب کرتی رہے گی اور الحاق پاکستان کی عظیم منزل حاصل کر کے رہے گی۔ 

انھوں نے کہا کہ الحاق پاکستان ہماری آخری منزل ہے آزادی اور الحاق پاکستان ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ مسلم کانفرنس تمام برادریوں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے جس میں ہر قسم کے پھول موجود ہیں۔ ریاست جموں و کشمیر کے لوگوں کی ریاست گیر جماعت ہے اس کو ختم کرنا کسی کے بس کی بات نہیں۔ آزادکشمیر سے بہت جلد بڑی بڑی شخصیات دیگر جماعتوں کو چھوڑ کر مسلم کانفرنس میں شامل ہونے والی ہیں، رمضان المبارک کے بعد کارکنوں کو خوشی ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 282257
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش