0
Tuesday 21 Jun 2011 23:22

بے نظیر بھٹو شہید کی 58 ویں سالگرہ عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منائی گئی

بے نظیر بھٹو شہید کی 58 ویں سالگرہ عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منائی گئی

لاہور:اسلام ٹائمز۔ لاہور، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں دختر مشرق سابق وزیراعظم پاکستان بے نظیر بھٹو شہید کی 58ویں سالگرہ انتہائی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منائی گئی، اس سلسلے میں سالگرہ تقریبات، قرآن خوانی اور دیگر دعائیہ تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا، بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت اور ان کی روح کے ایصال ثواب و مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، صدر، وزیراعظم، آصفہ بھٹو زرداری، وفاقی وزیر اطلاعات، وزیراعلیٰ سندھ، وفاقی وزراء، پارٹی کارکنوں اور رہنماﺅں کی جانب سے بڑی تعداد میں خون کے عطیات دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق بے نظیر بھٹو کی 58ویں سالگرہ کے موقع پر آزاد کشمیر کے تمام اضلاع، گلگت بلتستان، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں پارٹی کارکنوں اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماﺅں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ قرآن خوانی اور دیگر دعائیہ تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا، بے نظیر بھٹو اور دیگر شہداء کو خراج عقیدت اور ان کی روح کے ایصال ثواب و مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ گڑھی خدا بخش میں ان کے مزار پر سب سے بڑی تقریب ہوئی۔ تقریب میں صدر آصف علی زرداری، انکی صاحبزادیوں آصفہ بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری کے علاوہ ملک بھر سے پارٹی کارکنوں اور قائدین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر بھٹو خاندان کے مزاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور فاتحہ خوانی و قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ مزاروں کے سامنے طبی کیمپ بھی لگائے گئے تھے جہاں پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور عہدیداروں کے علاوہ عام لوگوں نے خون کے عطیات دئیے، راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بھی بڑی تقریب ہوئی جہاں مرحومہ کی روح کوایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا میں خصوصی مضامین اور پروگرام شائع و نشر کئے گئے۔
لاہور میں پنجاب اسمبلی کی عمارت کے سامنے عطیہ خون کا مرکز قائم کیا گیا۔ جہاں پارٹی کے رہنما اور کارکن شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خون کے عطیات دئیے اور قرآن خوانی بھی ہو ئی۔ یونیسف کی سفیر اور صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی محترمہ آصفہ بھٹو زرداری نے ملک بھر سے پارٹی کارکنوں کی طرف سے خون کے عطیات دینے کے موقع پر خون کا عطیہ دیا۔ ایوان صدر میں خون کے عطیے کیلئے قائم ایک خصوصی کیمپ میں خون کا عطیہ دیا، صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر اطلاعات ،وزیراعلیٰ سندھ، وفاقی وزراء، پارٹی کارکنوں اور رہنماﺅں کی جانب سے بڑ ی تعداد میں خون کے عطیات دیئے گئے۔ خون کے یہ عطیات فوجیوں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عسکریت پسندوں کے خلاف لڑنے والے تمام لوگوں کیلئے دئیے گئے۔
 ادھر سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شا ہ گڑھی نے بھی خدابخش میں ذوالفقار علی بھٹو شہید اور شہید بینظیر بھٹو کے مزاروں پر حاضری دی اور مرحومین کی روحوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ پڑھی۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر خورشید جونیجو، سندھ کے وزیر قانون ایاز سومرو اور دوسرے لوگ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلٰی سندھ نے فوجی جوانوں کے لئے قائم کئے گئے کیمپ میں خون کا عطیہ دیا۔اس موقع پر صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے ملک میں جمہوریت کی خاطر قربانی دی۔
 ادھر  بھٹو خاندان کے مزارات صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سمیت پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراء، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،پارٹی کے سنیئر قائدین نے اس موقع پر خصوصی پیغامات اوربیانات میں بے نظیر بھٹوکی سیاسی وسماجی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیاجبکہ اس عزم اور عہد کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا ہر کارکن شہید جمہوریت کے ویژن، منشور اور نظریات کو آگے بڑھانے کے لئے مخلصانہ طریقے سے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو بین الاقوامی سطح کی رہنما تھیں اور ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے نظرئیے کی پیروی کی جائے اور پارٹی کارکنوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ ان کے نظرئیے کو آگے بڑھایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 80309
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش