0
Wednesday 24 Oct 2012 18:34

امام محمد باقر علیہ السلام کے یوم شہادت پر علامہ ساجد نقوی کا پیغام

امام محمد باقر علیہ السلام کے یوم شہادت پر علامہ ساجد نقوی کا پیغام
اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ حضرت امام محمد باقر علیہ السلام نے قرآن کریم کے ساتھ ساتھ سنت و سیرت رسول اکرم ؐ اور اپنے پدر بزرگوار امام سجاد علیہ السلام سمیت اپنے اجداد سے ودیعت ہونے والے علم، مرتبے، منزلت، روحانیت اور عمل کے ذریعے اپنے وقت کے عام انسان، عام مسلمان اور حکمران کو رشد و ہدایت فراہم کی جس کے اثرات ان کے دور میں ان کے معاشرے اور ماحول میں واضح انداز میں مرتب ہوئے اور لوگوں کی کثیر تعداد راہ حق اور سچائی کی طرف متوجہ ہوئی۔

امام پنجم محمد باقر علیہ السلام کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ امام محمد باقر ؑ نے کمسنی کے باوجود سفر کربلا اور سانحہ کربلا کے دوران مصائب و مشکلات کا جرات و استقامت سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے اپنی روحانیت اور تبلیغ کے ذریعے انفرادی اور ذاتی زندگی میں انسانوں کی رہنمائی فرمائی وہاں اجتماعی طرز زندگی اور حکمرانی جیسے معاملات میں بھی لوگوں کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا اسی لئے آپ کی سیرت آج بھی دنیا کے ہر انسان اور ہر معاشرے کے لئے مشعل راہ ہے اور نمونہ عمل ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ دور حاضر میں دنیائے انسانیت کو بالعموم اور عالم اسلام کو بالخصوص جن بحرانوں اور چیلنجز کا سامنا ہے اور انسانی معاشرے جس گراوٹ کا شکار ہوچکے ہیں اس میں انسانوں کو ہدایت اور روحانیت کی ضرورت ہے جو انہیں ائمہ اطہار علیھم السلام کی سیرت کا مطالعہ کرکے اور اس پر عمل کرکے حاصل ہوسکتی ہے لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم انکی سیرت اقدس پر عمل کرکے انسانیت کو مسائل سے نجات دلائیں اور حقیقی اسلامی و جمہوری سسٹم رائج کرکے عدل و انصاف سے مزین معاشرے تشکیل دیں اور اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 206362
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش