0
Wednesday 14 Nov 2012 12:05

لاقانونیت میں اضافہ اور ٹارگٹ کلرز کی عدم گرفتاری حکومتی ناکامی ہے، ثروت اعجاز قادری

لاقانونیت میں اضافہ اور ٹارگٹ کلرز کی عدم گرفتاری حکومتی ناکامی ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ لاقانونیت میں اضافہ اور ٹارگٹ کلرز کی عدم گرفتاری حکومتی ناکامی ہے۔ شہری، تاجر برادری، صنعتکار جان و مال کے عدم تحفظ کی وجہ سے خوف میں مبتلا ہیں۔ ٹارگٹ کلرز آزادانہ طور پر دن دھاڑے بیگناہ افراد کا قتل کرکے امن کو تہس نہس کر رہے ہیں مگر انہیں لگام دینے والا کوئی نہیں ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ حکمران طبقہ اپنی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے کراچی و ملک کے بہتر مفاد میں ٹھوس عملی اقدامات کرے بصورت دیگر عوام اپنی جان و مال کے تحفظ اور قیام امن کیلئے فوج کو بلانے کا مطالبہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔ حکومتی منفی پالیسیوں کی وجہ سے روشنیوں کا شہر بارود کے ڈھیر پر کھڑا ہے مگر حکمران حقائق اور اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے مسلسل پردہ ڈال رہے ہیں جس کا خمیازہ یہ ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر بے گناہ افراد کو ٹارگٹ کلرز موت کی نیند سلا دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر قصبہ علیگڑھ سے آئے ہوئے معززین کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے ایک طرف بلوچستان میں عوام میں مایوسی اور دہشتگردی نے ملک کو مشکلات میں گھیرا ہوا ہے تو دوسری طرف دہشتگرد کراچی میں دہشتگردی کی کاروائیوں کے ذریعے معشیت کو تباہ کرکے ملک کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی مسلسل ناپاک جسارت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اب حکومتی فیصلوں و اقدامات پر سے اعتماد ختم ہوتا جارہا ہے۔ ڈبل سواری پر پابندی، اسنیپ چیکنگ، ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ایک طرف تو حکومتی ناکامی و بے بسی ظاہر کر رہا ہے تو دوسری جانب دہشتگرد، کلرز، جرائم پیشہ زیادہ مضبوط نظر آتے ہیں جو جب چاہیں اور جہاں چاہیں بے گناہ عوام کے خون سے ہولی کھیلتے ہیں۔ دہشتگردوں کلرز، جرائم پیشہ افراد کے نیٹ ورک کو توڑنے کیلئے ضروری ہے کہ حکمران خواب غفلت سے جاگ جائیں بصورت دیگر عوام خود انہیں گھروں پر بھیجنے کیلئے سڑکوں پر آجائینگے۔

دریں اثناء پاکستان سنی تحریک کے تحت کراچی پریس کلب پر تحفظ ناموس رسالت لبیک یارسول اللہ (ص) لانگ مارچ پر فائرنگ کرنیوالے دہشتگرد عناصر کی گرفتاریوں کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جس میں حکومت سے فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کا نوٹس لینے اور ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کے مطالبے درج تھے۔

خبر کا کوڈ : 211715
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش