0
Wednesday 11 Jun 2014 16:17
دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پوری طاقت استعمال کرینگے

عمران خان پہلے طالبان کے نظریاتی حامی تھے، اب طالبان کے اسٹریٹیجک پارٹنر بن گئے ہیں، پرویز رشید

بندوق اٹھانے والوں کو بندوق سے ہی جواب ملے گا، خطرے کے خاتمے کیلئے زمینی اور فضائی کارروائی ہوگی
عمران خان پہلے طالبان کے نظریاتی حامی تھے، اب طالبان کے اسٹریٹیجک پارٹنر بن گئے ہیں، پرویز رشید

اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان، طاہر القادری اور طالبان اسٹرٹیجک پارٹنر ہیں، ایک ملک کے جمہوری اداروں کو ، دوسرا ملک کے دفاعی اداروں کو اور تیسرا ملک کے آئین پر حملہ کرتا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ملک کے آئین نے حکومت کو یہ ذمہ داری تفویض کی ہے کہ وہ عوام اور اس کے اداروں کا تحفظ کرے، ملک میں دہشتگردی کی ذمہ داریاں قبول کرنے والے اپنی ذمہ داریاں قبول کریں اور موجودہ حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، اس سلسلے میں جہاں سے بھی خطرہ ہو گا ہم اسے ختم کرنے کے لئے ہر قدم اٹھائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کےچیئرمین عمران خان پہلے طالبان کے نظریاتی حامی تھے لیکن اب وہ طالبان کے اسٹریٹیجک پارٹنر بن گئے ہیں، عمران خان ملک کے جمہوری اداروں پر حملہ کرتے ہیں اور طالبان ملک کے دفاعی اداروں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتے عمران خان نے ملک کے اداروں پر حملہ کیا اور اگلے ہی روز طالبان نے ملک کے دفاعی اداروں پر حملہ کیا۔ پرویز رشید نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پوری طاقت استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری بھی طالبان اور عمران خان کے پارٹنر ہیں، تینوں میں یہ بات طے ہے کہ ایک ملک کے جمہوری اداروں کو اور دوسرا ملک کے دفاعی اداروں کو نشانہ بنائے گا، اس کے بعد کینیڈا سے طاہر القادری آئیں گے جو ملک کے آئین پر حملہ کریں گے، لیکن قومی سلامتی کے ادارے، ملک کے عوام اور جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے والے لوگ مل کر انھیں ناکام بنادیں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جو حکومت سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، ان سے مذاکرات کئے جائیں گے۔ جو ذمہ داری قبول کرتے ہیں تو حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔ بندوق اٹھانے والوں کو بندوق سے ہی جواب ملے گا۔ خطرے کے خاتمے کیلئے زمینی اور فضائی کارروائی ہوگی۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اداروں، درسگاہوں اور ہوائی اڈوں کی حفاظت یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ریاست اپنی پوری طاقت استعمال کرے گی۔ ریاست کو جہاں سے خطرہ ہوگا حکومت اسے ختم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور طالبان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری ہو گئی ہے۔ عمران خان جمہوری اداروں جبکہ طالبان دفاع اداروں پر حملے کر رہے ہیں۔ جمہوری اور دفاعی ادارے عمران خان اور طالبان کے مشترکہ نشانے پر ہیں۔ حکومت طالبان، عمران خان اور طاہر القادری کا مقابلہ کریگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری آئین پر حملہ کرنے پاکستان آ رہے ہیں۔ جمہوری اور دفاعی اداروں کو نشانہ بنانے کے بعد آخری ذمہ داری طاہر القادری کی ہے۔ طاہر القادری کو وفاق کے ضامن آئین پاکستان پر حملہ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

خبر کا کوڈ : 391065
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش