0
Monday 11 Aug 2014 23:25

پولیس کو جرائم کے مکمل خاتمے اور امن و امان کے قیام کیلئے فری ہینڈ دے دیا گیا، محمد عملیش خان

پولیس کو جرائم کے مکمل خاتمے اور امن و امان کے قیام کیلئے فری ہینڈ دے دیا گیا، محمد عملیش خان
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد عملیش نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں فرانزک لیبارٹری کے قیام اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ، سی سی ٹی وی کیمروں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام سمیت دیگر آلات کی تنصیب کے حوالے سے صوبائی حکومت کو سفارشات بھجوا دی گئی ہیں۔ پولیس کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کثیر الجہتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ جرائم کی وہ تمام نرسریاں جہاں نئی نسل خراب ہو رہی ہے اور جو جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ ہیں، ان کے خلاف حکمت عملی طے کر لی گئی ہے۔ جلد ہی ایسے تمام عناصر جو اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں قانون کے کٹہرے میں ہونگے۔ آئی جی نے بلوچستان میں امن و امان کے قیام، پولیس فورس اور عوام میں اعتماد سازی کے فقدان کے خاتمے اور تھانہ کلچر میں فوری اصلاحات متعارف کرانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس تمام تر سیاسی دباؤ سے آزاد ہے اور جرائم کی بیخ کنی کیلئے ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پی رینک کے افسران کی پرفارمنس کو جانچنے کیلئے انہیں مختلف کیٹیگری میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ جرائم کے مکمل خاتمے کیلئے سی آئی ڈی ڈیپارٹمنٹ کو فعال بنایا جا رہا ہے۔ کالے شیشے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کاروائی جاری ہے جبکہ شہر میں بےہنگم ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے نئی حکمت عملی بنا لی گئی ہے۔ موجودہ حکومت نے پولیس کو جرائم کے مکمل خاتمے اور امن و امان کے قیام کیلئے فری ہینڈ دیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پیز کی پرفارمنس جانچنے کیلئے طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ آئندہ انکی تعیناتی اور ترقی اسی پرفارمنس کی بنیاد پر ہوا کریگی۔ بلوچستان بھر میں ایک ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں کو تفتیش کے جدید طریقوں سے روشناس کرانے کیلئے مرحلہ وار تربیت کا عمل جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سی آئی اے اور سی آئی ڈی پولیس کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق آئی جی پولیس نے کوئٹہ کے شہریوں کو امن و امان اور ٹریفک کے مسائل سے نکالنے کیلئے اپنی ترجیحات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے قابل پولیس افسران کی تعیناتی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ ان کی تجاویز کی روشنی میں اس مسئلے کا سد باب کی جا سکے۔ انہوں نے شہر میں غیر قانونی پارکنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدر آمد ہر صورت میں یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں فرانزک لیبارٹری کے قیام اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ سی سی ٹی وی کیمروں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام سمیت دیگر آلات کی تنصیب کے حوالے سے صوبائی حکومت کو سفارشات دی گئی ہیں۔ جن پر تیزی سے عملدر آمد جاری ہے۔ آئی جی پولیس نے شہر میں ہوائی فائرنگ کے واقعات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ تھانوں کو کاروائی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ پولیس افسران اپنے تھانوں کے علاقوں شادی ہال مالکان کو بھی اس سلسلے میں پابند بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے پولیس فورس کی جدید خطوط پر تربیت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آرمی کی زیرنگرانی پولیس کے جوانوں کی تربیت کا عمل جاری ہے۔ آئی جی بلوچستان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کے لئے پولیس کے ساتھ اپنے موثر تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ پرامن معاشرے کی تشکیل اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 404254
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش