0
Tuesday 14 Mar 2017 16:33

اسکردو میں ایجوکیشن مافیا کا نیا طریقہ واردات، درجنوں اسامیوں کو خفیہ رکھنے کا انکشاف

اسکردو میں ایجوکیشن مافیا کا نیا طریقہ واردات، درجنوں اسامیوں کو خفیہ رکھنے کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ وزیرتعلیم گلگت بلتستان کے دعووں کے باوجود محکمہ تعلیم میں موجود مافیا کا قبلہ درست نہیں ہوسکا۔ سابقہ دور حکومت میں محکمہ تعلیم میں اسامیوں کی بولیاں لگانے والے مافیا نے طریقہ واردات بدل دیا۔ تفصیلات کے مطابق آبادی اور رقبے کے اعتبار سے بلتستان ڈویژن کے سب سے بڑے حلقے میں سکولوں کی خستہ حالی، آبادی کی تناسب سے سکولوں کی کم تعداد، سکولوں میں ماہر اساتذہ کی کمی جیسے مسائل پر کسی کو توجہ کرنے کی توفیق نہیں ہوئی۔ وزارت تعلیم اور محکمے کے سربراہ کی طرف سے ان مسائل کو حل کرنے کی راہ میں پہلا قدم نئی اسامیوں کے اعلانات اور ماہر اساتذہ کی تقریری کی صورت میں اٹھا گیا۔ خالی اسامیوں پر تقرری کے دوران دیگر اضلاع اور حلقوں کے امیدواروں کی غیرقانونی تقرری کا معمہ حل ہونے سے قبل ایجوکیشن مافیا کی ایک نئی چال کا انکشاف ہوگیا۔ اس چال کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ ایجوکیشن میں موجود کرپشن مافیا نے طریقہ واردات بدل دیا ہے۔

نہایت معتبر ذرائع کے مطابق حلقہ نمبر دو اسکردو میں درجنوں اسامیوں کو ایجوکیشن مافیا نے مشتہر ہونے کے خوف سے چھپا رکھا ہے تاکہ اچھے حالات میں اپنے عزیزوں کو نوازا جاسکے۔ واضح رہے کہ محکمہ تعلیم میں موجود کرپشن مافیا ان دنوں سخت حالات سے دوچار ہیں۔ چنانچہ انہوں نے حلقے کے سکولوں میں ضروری اسامیوں کی بڑی تعداد کو چھپا کر رکھی ہے۔ مافیا ان پوسٹوں پر دیگر حلقوں اور اضلاع کے افراد سمیت اسی حلقے کے من پسند افراد کی تقرری کے لئے مناسب وقت تک دبا کے رکھنا چاہتا ہے۔ حلقہ نمبر دو اسکردو کے سکولوں میں درکار اساتذہ کی اصل تعداد کو ڈی ڈی اوز نے خفیہ رکھا ہے یا کسی اور نے وہ محکمے کا سربراہ ہی بتا سکتا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ حلقے میں درکار کم از کم پانچ درجن کے قریب اسامیوں سے سربراہ محکمہ بھی نابلد ہے۔ چنانچہ محکمہ تعلیم کے سربراہ کو چاہیے کہ تعلیمی طور پر پسماندہ اس حلقے کے سکولوں کا تفصیلی دورہ کرے اور جتنے اساتذہ کے ضرورت ہو انکی پوسٹوں کو مشتہر کرکے اہل افراد کی تقرری عمل میں لائی جائے۔ ساتھ ہی وہ تمام سکولز جنہیں اپ گریڈیشن کرنا ضروری ہو اپ گریڈ کیا جائے تاکہ نئی نسل تباہی سے بچ سکے۔
خبر کا کوڈ : 618154
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش