0
Sunday 19 Feb 2012 21:25

امریکی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیساتھ ہمیں اپنے گھر کو بھی ٹھیک کرنا ہو گا، منور حسن

امریکی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیساتھ ہمیں اپنے گھر کو بھی ٹھیک کرنا ہو گا، منور حسن

اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے امریکی کانگریس میں بلوچستان کے بارے میں پیش کی گئی قرارداد کو شرانگیز اور بلو چ عوام کو گمراہ کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے گھر کو بھی ٹھیک کرنا ہوگا اور بلوچ عوام کو انکے حقوق دینا ہوں گے، پیپلزپارٹی حکومت نے بلوچستان کے لئے زبانی تو پیکج کا اعلان کیا لیکن بلوچ عوام کو کچھ نہیں ملا، آزاد الیکشن کمیشن اور شفاف انتخابی فہرستوں کے ساتھ ملک بھر کی تمام سیاسی پارٹیوں کے لئے قابل قبول عبوری حکومت قائم کی جائے، ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ضلع چارسدہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ انقلاب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ پنڈال میں موجود تھے، جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد، جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر سراج الحق، صوبائی امیر پروفیسر ابراہیم  خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
 
سید منورحسن نے کہا کہ بلوچستان میں بوری بند لاشیں مل رہی ہیں اور بلوچ عوام کے ہزاروں لوگ لاپتہ ہیں، امریکی کانگریس میں بلوچستان کے بارے میں قراردار بلوچ عوام کو گمراہ کرنے کی سازش ہے لیکن ہمیں اپنے گھر کو بھی آرڈر میں کرنا ہوگا، اُنہوں نے کہا کہ پوری قوم بلوچ عوام کی پشت پر کھڑی ہو جائے اور اُن کے دکھوں کا مداوا کرے، ملکی حالات کا ذکر کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ملک کے چاروں صوبوں میں حالات انتہائی خراب ہیں اور یہ حالات ایک بہت بڑی تبدیلی اور انقلاب کا تقاضا کرتے ہیں، اُنہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک دھائی میں عوام نے جن لوگوں کو ووٹ دیا اُنہوں نے ملک کو تباہی و بربادی کے دھانے پر لاکھڑا کر دیا ہے اور عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن کا تحفہ دیا ہے۔ 

منور حسن نے کہا کہ موجودہ حکمران ملک کے 18 کروڑ عوام کو امریکہ کی غلامی میں دینا چاہتے ہیں، لیکن جماعت اسلامی ہرگز ایسا نہیں ہونے دیگی، اُن کا کہنا تھا کہ پختونوں اور افغانوں کی تاریخ جدوجہد اور قربانیوں سے عبارت ہے، برطانوی اور روسی استعمار کو شکست دینے کے بعد اب امریکی استعمار بھی پختونوں اور افغانوں کے ہاتھوں تاریخ شکست سے دوچار ہے، اُنہوں نے کہا کہ ایک بہت بڑی جدوجہد عوام کا انتظار کررہی ہے، انشاء اللہ تعالیٰ اندھیروں کا مقابلہ اُجالوں سے کریں گے، اُنہوں نے کہا کہ ملک میں چوروں اور لٹیروں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، اسلام دشمن قوتیں پاکستان کے خلاف سازشیں کررہی ہیں اور انشاء اللہ سب ملکر اُن کا مقابلہ کریں گے۔
 
اُنہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے بانی سید ابوالاعلی مودودی کا لٹریچر دنیا بھر میں مسلمانوں میں بیداری کا باعث بن رہا ہے، اور انشاء اللہ پاکستان میں بھی عظیم تر اسلامی انقلاب برپا ہونے کو ہے، اُنہوں نے کہا انشاء اللہ انتخابات کو تبدیلی کا ذریعہ بنائیں گے اور انتخابات ہی کے راستے سے قوم کو چوروں اور لٹیروں سے نجات دلائیں گے، اُنہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے خود بھی ملک کو لوٹا اور پیپلز پارٹی کی وجہ سے اے این پی اور ایم کیو ایم بھی برسر اقتدار ہیں۔
 
اُنہوں نے کہا کہ اے این پی نے صوبہ خیبر پختونخوا میں لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے اور اسی طرح ایم کیو ایم نے کراچی کو یرغمال بنایا ہوا ہے، اُنہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی مملکت ہے اور اس کا مستقبل اسلام سے وابستہ ہے، قبل ازیں جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سید منور حسن اور جماعت اسلامی کے دیگر قائدین کو پشاور سے ایک بڑے جلوس کی شکل میں چارسدہ لے جایا گیا اور رینگ روڈ پر دلہ زاک چوک (رینگ روڈ) پتنگ چوک، چارسدہ روڈ پر لنڈے سڑک، بخشوپل، ناگمان، گلبیلہ اور سردریاب بازار میں اُن کا پرجو ش استقبال کیا گیا۔

خبر کا کوڈ : 139082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش