0
Tuesday 11 Sep 2012 18:55
کرم ایجنسی میں تعینات ملیشاء کے تمام اہلکار طالبان ہیں

پارا چنار دھماکہ میں پیشگی اطلاع دینے والی قوتیں ہی ملوث ہیں، علامہ عابد الحسینی

پارا چنار دھماکہ میں پیشگی اطلاع دینے والی قوتیں ہی ملوث ہیں، علامہ عابد الحسینی
اسلام ٹائمز۔ سابق سینیٹر اور تحریک حسینی کے سربراہ علامہ سید عابد حسین الحسینی نے کہا ہے کہ کرم ایجنسی میں تعینات ملیشاء کے تمام اہلکار طالبان ہیں، دھماکہ میں پیشگی اطلاع دینے والی قوتیں ہی ملوث ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کیساتھ ٹیلی فونک بات چیت کے دوران کیا، ان کا کہنا تھا کہ پشاور سے پارا چنار آتے ہوئے سڑک پر ہر جگہ فوجی اہلکاروں کے ناکے لگے ہوئے ہیں، آنے جانے والے لوگوں کی تلاشی ہوتی ہے لیکن صرف تنگ کرنے کیلئے۔ انہوں نے کہا کہ حکام نے فوجیوں کو خاصہ دار بنا کر یہاں تعینات کر رکھا ہے، سکیورٹی اہلکاروں کے تعینات ہونے کے بعد پارا چنار میں یہ تیسرا دھماکہ ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل دھماکہ جو پارا چنار میں ہوا تھا اس میں دھماکہ کے باعث اتنے لوگ شہید نہیں ہوئے تھے کہ جتنے ان ملیشاء والوں کے ہاتھوں شہید ہوئے۔ علامہ عابد حسین الحسینی نے کہا کہ ہم واضح کہتے ہیں کہ پارا چنار میں تعینات ملیشاء کے تمام اہلکار طالبان ہیں، پاکستان بھر میں جہاں کہیں بھی اہل تشیع کے قتل کی وارداتیں ہوتی ہیں، اس میں ایس ایچ او اور دیگر پولیس اہلکاروں کے علاوہ عدالتیں بھی ان سے ملی ہوئی ہوتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ یہ عدالتیں صرف مخصوص معاملات کو دیکھتی ہیں، ان مسائل پر توجہ نہیں دیتیں، یہ عدالتیں سلطان مختار شہنشاہ کی طرح احکامات جاری کرتی ہیں، لیکن اہل تشیع کی حفاظت کیلئے کچھ نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہی دیکھ لیں کیا ہو رہا ہے، یہ سب ملے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پارا چنار میں ہونے والا دھماکہ خودکش نہیں تھا، بعض اخبارات نے غلط لکھا کہ یہ خودکش تھا، ایسا نہیں ہے، گاڑی ایک جگہ کھڑی کی گئی تھی اور اسے ٹائم بم کے ذریعے اڑایا گیا، ان کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ کے دوسرے درجے کے سربراہ اور فوجی کرنل وغیرہ پندرہ بیس روز قبل کہتے ہیں کہ احتیاط کرو دھماکہ ہونے والا ہے، بعض دیگر ذمہ دار جو مقدس لباس پہنے ہوتے ہیں، کہتے ہیں کہ دھماکہ ہونے والا ذرا احتیاط کریں، یہ سب کو معلوم ہے کہ کیا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیاطین بھی اپنے دوستوں کو وحی کرتے ہیں، یہ وحی کا سلسلہ ہے، شیاطین کی وحی ہوتی ہے، انہیں پہلے سے ہی معلوم ہو جاتا ہے، یہ خود اس گیم میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو کیسے معلوم ہو جاتا ہے کہ خودکش دھماکہ ہونے والا ہے، عوام کو سب معلوم ہے کیا ہو رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ لوگ اتنے بے وقوف نہیں ہیں، شہید مطہری کہتے تھے کہ ’’تمام لوگوں کو تمام اوقات کیلئے گدھا نہیں بنایا جا سکتا‘‘۔ ہمیں معلوم ہے کہ یہ پیشگی اطلاعات دینے والے ہی اس گیم میں شریک ہیں، یہ سب اس بات کے شواہد ہیں کہ یہ لوگ اس دھماکہ میں شریک ہیں۔
خبر کا کوڈ : 194643
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش