0
Sunday 23 Sep 2012 14:46

یوم عشق رسولؐ کے پرتشدد مظاہروں میں کالعدم جماعتیں ملوث ہیں، پاکستان سنی تحریک

یوم عشق رسولؐ کے پرتشدد مظاہروں میں کالعدم جماعتیں ملوث ہیں، پاکستان سنی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ دین اسلام ہمیں تمام مذاہب کے تحفظ اور احترام کا درس دیتا ہے، ملک کی املاک کو نقصان پہنچانے والے اور بے گناہ افراد کو قتل کرنے والے اسلام اور پاکستان سے مخلص نہیں ہیں، سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم نے تو انسانیت کا احترام کا درس دیا ہے اور آج عاشقان رسول انہی کے فلسفے پر چلتے ہوئے نہ صرف پر امن احتجاج کر رہے ہیں بلکہ غم و غصہ کے باوجود پرتشدد ہونے کی بجائے توہین آمیز فلم اور خاکوں کے خلاف نفرت کا اظہار کر رہے ہیں، پاکستان کی حکومت امریکہ اور اقوام متحدہ میں توہین آمیز فلم اور خاکوں کے خلاف سخت احتجاج اور فلم بنانے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرے اور ان شاتم رسول کے خلاف کسی بھی اسلامی ملک کی عدالت انصاف میں مقدمہ چلایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنّت پر عشق رسول کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شکیل قادری نے کہا کہ یوم عشق رسول ہر سال 21 ستمبر کو منایا جائیگا۔ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کا جشن ولادت تو ہم ہر سال مناتے ہیں مگر یوم عشق رسول منا کر دشمنان اسلام کو ایسا پیغام دیا جائے کہ وہ انبیاء علیہ السلام کی شان میں ہرزہ سرائی کرنے کا سوچ بھی نہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ توہین آمیز فلم کے خلاف پر تشدد مظاہروں میں وہی لوگ ملوث ہیں جنہوں نے سانحہ نشترپارک اور مزارات اولیاء پر بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ بین الاقوامی قانون کے تحت کسی بھی سربراہ مملکت کو استثنیٰ حاصل ہے تو پھر انبیاء کرام کی عزت و ناموس کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ قانون سازی کیوں نہیں کرتی۔ اقوام متحدہ مذمت سے کام چلانے کی بجائے انبیاء کرام کی عزت و ناموس کے تحفظ کے لیے فوری طور پر قانون سازی کرے تاکہ کوئی بھی شخص یا کسی بھی مذہب کے انتہا پسند گستاخی کرنے کی جرأت نہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت ہمارے ایمان کا اہم جز اور پاکستان سنی تحریک کا منشور ہے۔ انہوں نے کہا کہ توہین آمیز فلم کے خلاف مظاہروں کی آڑ میں یوم عشق رسول کے موقع پر پرتشدد مظاہروں میں کالعدم جماعتوں کے دہشت گرد ملوث ہیں جنہوں نے ناصرف تحفظ ناموس رسالت کی احتجاجی تحریک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے بلکہ غیر اسلامی پیغام دے کر امریکی مفادات کو تقویت پہنچائی ہے۔ پاکستان سنی تحریک بے گناہ افراد کے قتل اور ملکی املاک کو جلانے کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام بالخصوص پاکستان کے عوام یہود و نصاریٰ کے اس گھناؤنے عمل کے خلاف پر امن احتجاج کے ساتھ ملٹی نیشنل پروڈکٹ کا سوشل بائیکاٹ کریں۔
خبر کا کوڈ : 197873
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش