0
Friday 26 Jul 2013 15:29

انڈین مجاہدین نامی تنظیم کا کوئی وجود ہی نہیں ہے، جماعت اسلامی ہند

انڈین مجاہدین نامی تنظیم کا کوئی وجود ہی نہیں ہے، جماعت اسلامی ہند
اسلام ٹائمز۔ انڈین مجاہدین کے وجود کو ایک مفروضہ قرار دیتے ہوئے جماعت اسلامی ہند نے کہا ہے کہ بھارت کی کانگریس پارٹی اور بھاجپا کے اس شوشہ کا مقصد مسلمانان ہند کی شبیہ کو نقصان پہنچانا ہے، اطلاعات کے مطابق کانگریس کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شکیل احمد کے اس بیان کہ گجرات فسادات کی وجہ سے ہی انڈین مجاہدین نامی تنظیم کا وجود عمل میں لایا گیا پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے جنرل سیکرٹری نصرت علی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر شکیل کا یہ بیان مسلمانان ہند کو مشکوک قرار دینے کے مترادف ہے، نصرت علی نے کانگریس جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شکیل احمد کے نام ارسال کردہ اپنے خط میں کہا ہے کہ ہم انڈین مجاہدین کے بارے میں آپ کے اخباری بیان سے حیران ہیں، نصرت علی نے کہا ہے کہ اگر میڈیا اور انٹلیجنس ایجنسیوں کے بقول انڈین مجاہدین نامی گروپ کی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے تو کانگریس جنرل سیکرٹری کے بیان سے ایسے شوشے کی تائید ہوتی ہے،
 
اپنے خط میں جماعت اسلامی ہند کے جنرل سیکرٹری نے کہا ہے کہ اصل میں یہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان لفاظی جنگ ہے جس کا مقصد بھارت کے مسلمانوں کی شبیہ کو اپنے حقیر سیاسی مقاصد کیلئے بگاڑنا ہے، جماعت اسلامی ہند نے سوالیہ انداز میں کہا ہے کہ اگر انڈین مجاہدین نامی کوئی گروپ واقعی موجود ہے تو کیوں کر حکومت ہند اور انٹلی جنس ایجنسیاں ایسے گروپ کے ذمہ داروں اور پالیسی سازوں کے ناموں کو عیاں نہیں کرتی ہیں، ڈاکٹر شکیل احمد کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے نصرت علی نے مزید کہا ہے کہ ایسے بیانات سے مسلمانان ہند کا کردار مشکوک قرار پاتا ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ کانگریس کے جنرل سیکرٹری حساس معاملات پر اظہار خیال کرتے وقت اس بات پر ضرور غور کریں گے کہ کہیں ان کے بیانات مسلمانوں کے وسیع تر مفادات کے منافی تو نہیں۔
خبر کا کوڈ : 286981
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش