0
Thursday 31 Oct 2013 13:08

سزائے موت کی جگہ عمر قید، کوئی تجویز زیرغور نہیں، چوہدری نثار

سزائے موت کی جگہ عمر قید، کوئی تجویز زیرغور نہیں، چوہدری نثار
اسلام ٹائمز۔ سینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بتایا کہ 2002ء سے کوئٹہ میں 499، گلگت میں 2، پشاور میں 1301، لاہور میں 10910 اور کراچی میں 541 قیدیوں کو سزائے موت سنائی گئی ہے۔ اب تک کل سزائے موت کے 501 قیدیوں کو پھانسی دی گئی ہے۔ موجودہ حکومت سزائے موت کے قیدیوں کی سزا عمر قید میں تبدیل کرنے کی کسی تجویز پر غور نہیں کر رہی، ہمارے دور میں ایسا نہیں ہو گا۔ 

انھوں نے کہا کہ 2002ء سے اب تک دہشت گردی کے واقعات میں 12ہزار 404 افراد جاں بحق اور 26 ہزار 881 زخمی ہوئے۔ جون 2013ء سے دہشت گردی کے 413 واقعات میں 358 افراد جاں بحق اور 927 زخمی ہوئے۔ معاوضے کی مد میں 5 ارب 64کروڑ 69 لاکھ 64 ہزار روپے ادا کیے گئے ہیں۔ 2002ء کے بعد سے کل 6149 دہشت گرد گرفتار کیے گئے، اسلام آباد سے 90 دہشت گرد پکڑے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ گھمبیر بن چکا ہے، اس حوالے سے ایک قومی پالیسی متعارف کرائی جائے گی۔ 

اس سے قبل وزارت دفاع نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ 2008ء سے لے کر 2013ء تک 5 برسوں کے دوران 317 امریکی ڈرون حملوں میں 2227 افراد ہلاک ہوئے جن میں 2160 شدت پسند اور صرف 67 عام شہری شامل ہیں جو کل ہلاکتوں کا تقریباً 3 فیصد بنتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ گذشتہ 2 برسوں کے دوران ڈرون حملوں میں ایک بھی عام شہری ہلاک نہیں ہوا۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق 2008ء میں 34 حملوں میں 283 دہشت گرد اور 21 شہری ہلاک ہوئے۔ 2009ء میں 47 حملوں میں 451 دہشت گرد اور 9 شہری ہلاک ہوئے۔ 2010ء میں سب سے زیادہ 115 ڈرون حملے ہوئے جن میں 751 دہشت گرد اور 2 شہری ہلاک ہوئے۔ 2011ء میں 62 حملوں میں 356 دہشت گرد اور 35 شہری ہلاک ہوئے۔ 2012ء میں 45 حملوں میں 235 اور 2013ء میں سب سے کم 14 ڈرون حملوں میں 84 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 316115
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش