0
Monday 23 Jun 2014 19:17

ظالموں سے شہیدوں کا انتقام لینے آ گیا ہوں، ڈاکٹر طاہرالقادری

ظالموں سے شہیدوں کا انتقام لینے آ گیا ہوں، ڈاکٹر طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمارے کارکنوں کی لاشیں گرائیں، وہ اپنے وعدے کے مطابق پاکستان آ گئے ہیں اب مظلوموں، مجبوروں اور شہیدوں کا انتقام لیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری دبئی سے ایئر ایمریٹس کی پرواز ای کے 612 سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوئے تاہم راولپنڈی کی حدود میں داخل ہونے کے بعد ان کے طیارے کا رخ لاہور کی جانب موڑ دیا گیا اور طیارے نے 9 بج کر 35 منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا لیکن ڈاکٹر طاہر القادری کے طیارے سے باہر آنے سے انکار پر طیارہ ایئرپورٹ پر ہی کھڑا رہا۔ 7 گھنٹوں تک طیارے میں رہنے کے بعد طاہرالقادری نے 3 شرائط پر طیارے سے باہر آنے پر رضا مندی ظاہر کر دی۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے مطالبہ کیا کہ ذاتی سکیورٹی میں اپنے گھر جائیں گے اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور بھی ان کے ہمراہ جائیں گے اور سیکیورٹی گارڈز کو رن وے پر آنے کی اجازت دی جائے، میڈیا کی گاڑیاں بھی میرے ساتھ جائیں گی اور بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھ کر ماڈل ٹاون میں واقع القادریہ ہاؤس جائیں گے۔ بعد ازاں حکومت میں شامل چند شخصیات کی ثالثی کے بعد معاملہ حل کر لیا گیا اور وہ طیارے سے اتر کر خصوصی گاڑی میں سوار ہو کر جناح ہسپتال پہنچے ان کے ہمراہ گورنر پنجاب چودھری سرور اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ بھی تھے۔

ہسپتال میں انہوں نے سانحہ لاہور کے زخمیوں کی عیادت کی اور انھیں ملک میں حقیقی انقلاب کی نوید سنائی۔ جناح ہسپتال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی اور ظلم کے پہاڑ ڈھائے گئے، پاکستان کی 65 سال کی تاریخ میں اس ظلم کی مثال نہیں ملتی، ہمارے کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا، ایسے موقع پر ہمارے ساتھ اس ملک کا میڈیا تھا جس نے ظلم کی تمام روداد دنیا کے سامنے رکھی جس پر وہ جتنا شکریہ ادا کریں وہ کم ہے۔ وہ مسلم لیگ (ق)، ایم کیو ایم، تحریک انصاف، شیخ رشید احمد، مجلس وحدت المسلمین اور سنی اتحاد کونسل کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمارے خلاف کئے گئے ظلم پر آواز بلند کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق پاکستان آ گئے ہیں اب ظالموں سے مظلوموں، مجبوروں اور شہیدوں کا انتقام لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ قاتل اعلیٰ پنجاب ہیں اور ان ظالم حکمرانوں نے ہٹلر اور میسولینی کی روح کو بھی شرمسار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظالم حکمرانوں سے انتقام لوں اور انقلاب تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ انہوں ہسپتال میں زخمی کارکنوں کی عیادت کے موقع پر زخمیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی جان پر کھیل کر کاز کو بچایا ہے جس پر کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
خبر کا کوڈ : 394470
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش