0
Thursday 27 Feb 2014 18:36

سنی تحریک کل جمعہ کو ’’اینٹی طالبان ڈے‘‘ منائے گی

سنی تحریک کل جمعہ کو ’’اینٹی طالبان ڈے‘‘ منائے گی
اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک کے صوبائی صدر محمد شاداب رضا نقشبندی کا کہنا ہے کہ کل 28 فروری بروز جمعۃ المبارک سنی تحریک ملک بھر ''اینٹی طالبان ڈے'' منائے گی۔ مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں، سیمینارز اور جلسے منعقد کئے جائیں گے۔ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ آج وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو چاہئے کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف فوری آپریشن کا اعلان کریں، ملک و قوم کو محفوظ بنانے کیلئے حکومت اور عسکری قیادت کو فوری اور اہم فیصلے کرنا ہوں گے، دہشت گردوں کو تنہا کرنے کیلئے ان کی حامی جماعتوں کے خلاف بھی کارروائی کرنا ہو گی، طالبان نے ہمیشہ اسلام اور پاکستان کے خلاف کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ طالبان اور ان کی حامی جماعتوں کے خلاف اعلان جہاد کیلئے تیار ہے، ملک میں تعلیم اور صحت کے فروغ، تجارت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی ترقی کیلئے قیام امن ضروری ہے، حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ سنی تحریک کے زیراہتمام کل ملک بھر میں اینٹی طالبان ڈے منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی کی ذات نہیں بلکہ سب سے پہلے پاکستان اور اس کی خودمختاری عزیز ہے، نام نہاد مذہبی ٹھیکیداروں کو انکا ذاتی اسلام اور شریعت نافذ کرنے نہیں دیں گے، پاک فوج، پولیس، ایف سی، علماء مشائخ اقلیتوں کے قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو پاکستان میں ریاست کے اندر ریاست قائم نہیں کرنے دیں گے، وزیراعظم میاں محمد نواز شریف 18 کروڑ عوام کو مٹھی بھر دہشت گردوں سے تحفظ اور امن کی یقین دہانی کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری غیر یقینی اور عدم تحفظ کی صورت حال کو قابو کرنے کیلئے دہشت گردوں کو کچلنا ہو گا، دہشت گردوں کی حمایتی جماعتوں کے منحوس چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، پاکستان اولیاء اللہ کی دھرتی ہے کسی کو خون خرابہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
خبر کا کوڈ : 356177
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش