1
0
Tuesday 26 Apr 2011 22:41

ایک بابرکت اسلامی انقلاب ہی تمام مسائل کا حل ہے،محمد حسین محنتی

ایک بابرکت اسلامی انقلاب ہی تمام مسائل کا حل ہے،محمد حسین محنتی
کراچی:اسلام ٹائمز۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے قیام کا بنیادی مقصد اللہ کے دین کی سربلندی ہے، ایک بابرکت اسلامی انقلاب ہی تمام مسائل کا حل ہے، قرآن و سنت سے وابستہ ہو کر ہم اپنے مسائل و مشکلات کو حل کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں جماعت اسلامی گلبرگ کے تحت منعقدہ علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علماء کنونشن سے جمعیت اتحاد العلماء سندھ کے صدر مولانا عبدالرؤف، معروف اسکالر مولانا عطاءاللہ، جماعت اسلامی ضلع وسطی کے امیر فاروق نعمت اللہ، جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا محمود شیر، مفتی انعام، مولانا مفتی حماد اللہ اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع وسطی کے نائب امیر محمد مسلم گلبرگ زون کے امیر سید احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ علماء کنونشن میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام، مساجد کے خطیب اور آئمہ مساجد بھی بڑی تعدادمیں موجود تھے۔
محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے قیام کا بنیادی مقصد اللہ کے دین کی سربلندی ہے، ہم معاشرے کو تبدیل کر کے ایک ایسا انقلاب لانا چاہتے ہیں جس میں قرآن و سنت کو بالادستی حاصل ہو، امن وامان ہو، ہر طرف انصاف کا بول بالا ہو۔ انہوں نے کہا کہ عوام تک دین اسلام کی دعوت پہنچانے کیلئے جماعت اسلامی نے رابطہ عوام مہم کا آغاز کیا ہے، جماعت اسلامی کے کارکن ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک جا کر اسلام کی دعوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان جن مسائل و مشکلات سے دوچار ہے اس سے نجات کا واحد راستہ یہ ہے کہ ہم اپنی زندگی کو قرآن و سنت کی روشنی میں استوار کریں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کر کے ہم اپنے تمام مسائل و مشکلات سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔
مولانا عبدالرؤف نے کہا کہ اہل مغرب قرآن و شعائر اسلام کی توہین کر کے لوگوں کو اسلام سے قریب ہونے کا موقع دے رہے ہیں، یورپ کی تمام تر اسلام دشمنی کے باوجود آج بڑے پیمانے پر اسلام قبول کر رہے ہیں، علماء کرام کو منبر و محراب سے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور ایک مخلص دیندار، خدا کا خوف رکھنے والی دیانتدار قیادت کو آگے لانا ہو گا۔ مولانا عطاء اللہ نے کہا کہ پوری اسلامی فقہ میں تمام مسائل موجود ہیں لیکن کہیں بھی محکوم ہونے کے بارے میں کوئی ذکر نہیں کیونکہ اسلام میں محکومی کا کوئی تصور نہیں، قرآن و سنت کی روشنی میں حکمرانوں کا انتخاب انتہائی ضروری ہے، علماء کنونشن میں امریکی غلامی اور دیگر مسائل سے متعلق ایک قرارداد بھی منظور کی گئی۔

خبر کا کوڈ : 68064
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
I FULLY AGREE
ہماری پیشکش