0
Monday 27 Aug 2012 00:05

وزیراعظم آج سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے، حکومت اور اتحادی جماعتوں کا فیصلہ

وزیراعظم آج سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے، حکومت اور اتحادی جماعتوں کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ حکومت اور اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف این آر او کیس میں آج سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہوں گے۔ صدر زرداری کا کہنا ہے کہ سوئس مقدمات پر سیاست کی جارہی ہے۔ وزیراعظم پرویز اشرف کے سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ ایوان صدر میں صدر آصف زرداری کی زیرصدارت حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں کیا گیا۔ ایک گھنٹے سے زیادہ دیر تک جاری رہنے والے اجلاس میں وزیراعظم کی عدالت میں پیشی اور غیر حاضری دونوں صورتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
 
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے آئینی اور قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ مسلم لیگ ق، اے این پی اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے عدلیہ سے ٹکراؤ کی صورتحال سے گریز کا مشورہ دیا۔ اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کی رائے میں وزیراعظم پرویز اشرف کی پیشی سے اچھا تاثر پیدا ہوگا۔ صدر زرداری نے اجلاس کو بتایا کہ سوئس مقدمات کھولنے کا وقت گزرگیا، اس معاملے پر سیاست کی جارہی ہے۔ اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ این آر او کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے معاملے پر وزیراعظم کو عدالت میں پیش ہونے کا جو حکم دیا گیا تھا اس پر عمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ وزیراعظم کے ساتھ وفاقی وزراء اور اتحادی رہنما بھی عدالت میں جائیں گے۔ سپریم کورٹ کے پاسز کے لیے اتحادیوں کے نام رجسٹرار کو بھیج دیئے گئے ہیں۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ اگر راجہ پرویز اشرف کو توہین عدالت میں یوسف رضا گیلانی کی طرح سزا سنائی گئی تو اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 190227
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش