0
Friday 1 Mar 2013 22:09

کشمیر کا ہر بوڑھا، بچہ اور جوان بھارت سے آزادی چاہتا ہے، مجلس مشاورت

کشمیر کا ہر بوڑھا، بچہ اور جوان بھارت سے آزادی چاہتا ہے، مجلس مشاورت
اسلام ٹائمز۔ متحدہ مجلس مشاورت نے پہلے سے جاری شدہ پروگرام کے تحت جمعہ کے روز ہمہ گیر ہڑتال اور بعد از نماز احتجاجی مظاہروں کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظلوم قوم نے آزادی پسند قیادت کی صدا پر لبیک کہتے ہوئے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ یہاں کا ہر بوڑھا، بچہ اور جوان بھارت سے آزادی چاہتا ہے اور اس وقت پوری قوم شہید محمد افضل گورو اور شہید مقبول بٹ کی اجساد کے مطالبے کی پشت پر ہیں، متحدہ مجلس مشاورت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے اگر چہ ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کو ناکام بنانے کی ممکنہ حد تک تمام کوششیں کی گئیں لیکن پھر بھی آزادی پسند عوام نے نہ صرف ہمہ گیر ہڑتال کی بلکہ نماز جمعہ سے قبل اور بعد میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور عوام نے ان دو محسنان کشمیر کی اجساد لوٹانے اور آزادی و اسلام کے حق میں نعرے بلند کئے، یہ احتجاجی مظاہرے نہ صرف بھاری قدغن کے باوجود عمل میں لائے گئے بلکہ ان کے دوران پولیس و نیم فوجی اہلکاروں نے نوجوانوں اور بچوں کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائیں تاہم لوگوں کا جوش و جذبہ سرد نہیں ہوا۔

کل کے پروگرام کے حوالے سے ایم ایم ایم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سنیچر کو مقبوضہ کشمیر میں تاجر برادری و عوام اپنی دکانوں، گاڑیوں و مکانوں پر سرخ ریبن آویزاں رکھیں گے اور ساتھ ہی سڑکوں پر بھی سرخ رنگ بکھیرا جائے گا، یہ سرخ رنگ 1947ء سے کشمیر میں شہید کئے گئے لاکھوں افراد کے خون کا عکاس ہے، یہ سرخ رنگ کشمیر میں بہائے گئے لہو کی ایک پکار ہے، انصاف کے ان عالمی اداروں کی آنکھوں تک یہ پیغام پہنچانے کی ایک کوشش ہے کہ ریاست جموں و کشمیر میں انسانی خون ارزاں ہوچکا ہے اور یہاں حق و صداقت کی آواز کو دبانے کیلئے انسانی خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 243355
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش