0
Tuesday 23 Sep 2014 00:53
گو نواز گو قومی پیغام بن چکا ہے

انقلاب کی لہر کو طوفان میں بدلنے کی حکمت عملی بنائیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری

انقلاب کی لہر کو طوفان میں بدلنے کی حکمت عملی بنائیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ دھرنے کے شرکاء روز گھر جاسکتے ہیں۔ دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں بے ضابطگیوں کے اعتراف کے بعد الیکشن کمیشن ارکان کا عہدے پر برقرار رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے انقلاب کو ملک گیر تحریک بنانے کا اعلان کر دیا۔ طاہرالقادری نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ہاتھ سے لکھے نتائج بھیجے گئے۔ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم کی ناکامی کا بھی اعتراف کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اعتراف کیا ہے کہ اسٹیٹ بینک، نادرا، ایف بی آر اور نیب نے تعاون نہیں کیا۔ عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا ہے کہ دھرنے کے شرکاء انقلاب لا چکے ہیں، اسے منزل مقصود تک پہنچانا ہے۔ انقلاب کی لہر کو طوفان میں بدلنے کی حکمت عملی بنائیں گے۔ ساتھ آنے والے ساتھ جائیں گے۔ ان  کا کہنا تھا کہ انقلاب مارچ نے چالیس روز میں سوئی ہوئی قوم کو جگا دیا ہے۔ پاکستان میں پہلے ایسی تحریک کبھی نہیں چلی جس نے عوام کے ذہن اور فکر کو بدلا ہو۔ طاہر القادری نے بتایا کہ پولیس تشدد سے زخمی کارکن محمد آصف آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، محمد آصف  چھ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، کارکن عظیم انقلاب کے بانی بن گئے۔

دیگر ذرائع کے مطابق طاہرالقادری نے کہا کہ ملک میں انقلاب کی لہر آچکی ہے، دو یا تین روز میں انقلاب کو طوفان میں تبدیل کر دیں گے۔ اسلام آباد میں انقلابی دھرنے سے خطاب میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ قوم کو معاشی طور پر پست کیا جا رہا ہے، آمروں اور جاگیرداروں نے قوم میں مایوسی پیدا کیں ہیں، سیاسی آمروں نے قوم سے اٹھنے کی طاقت چھین لی ہے۔
سربراہ عوامی تحریک نے دھرنے کے شرکاء سے کہا کہ آپ نے گونگے لوگوں کو زبان دی ہے، آپ نے 40 دن بیٹھ کر سوئی ہوئی قوم کو جگا دیا ہے، گو نواز گو قومی پیغام بن چکا ہے، نواز شریف کے اپنے حلقے میں بھی گو نواز گو کے نعرے لگ رہے ہیں، ایشین گیمز میں بھی گو نواز گو کے نعرے لگتے رہے اور آئی ڈی پیز بھی گو نواز گو کے نعرے لگا رہے ہیں، ہمارے انقلاب کی فتح ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کہتے تھے ان کی جیب میں کھوٹے سکے ہیں، انقلاب کی لہر آتی ہے تو کئی کھوٹے سکے ساتھ چلتے ہیں، انقلاب کی لہر آچکی ہے، دو یا تین روز میں انقلاب کو طوفان میں تبدیل کر دیں گے۔ متوسط طبقہ اس ملک کے اقتدار پر نہیں آسکتا، متوسط طبقہ اس ملک میں طاقتور طبقے کو چیلنج نہیں کرسکتا، قوم ذہنی طور پر مایوس ہوجائے تو کوئی اسے اٹھا نہیں سکتا۔
خبر کا کوڈ : 411117
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش