0
Saturday 19 May 2012 17:23

10 جون کا جلسہ اسلامی انقلاب امید کی نئی کرن ثابت ہوگا، اسد اللہ بھٹو

10 جون کا جلسہ اسلامی انقلاب امید کی نئی کرن ثابت ہوگا، اسد اللہ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ جماعتِ اسلامی سندھ کے امیر اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا چار سالہ دورِ حکومت غربت، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور معاشی بدحالی سے عبارت ہے، وزیراعظم فی الفور مستعفی ہوں تاکہ نئے انتخابات کی راہ ہموار ہو سکے۔ نیٹو سپلائی پر امریکا سے مذاکرات پارلیمنٹ کی توہین ہے، فیصلہ قومی امنگوں کے منافی ہوگا۔ 10 جون کو ہونے والا جلسہ اسلامی انقلاب عوام کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت ہونے والے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، ضلع شرقی کے امیر اسامہ رضی، سیکریٹری عبدالوہاب اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ضلع شرقی کے نائب امراء پروفیسر شکیل صدیقی، یونس بارائی بھی موجود تھے۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ موجودہ حکمران پاکستان کی تاریخ کے بدترین حکمران ثابت ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی کا چار سالہ دورِ حکومت غربت، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور معاشی بدحالی سے عبارت ہے، وزیر اعظم قانونی موشگافیوں اور اپیل کرنے کے بجائے فوری طور پر مستعفی ہوں تاکہ ملک میں نئے انتخابات کی راہ ہموار ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور اے این پی کی اتحادی حکومت عوامی مسائل و مشکلات کے حل میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی، ان کی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے، اسی لیے یہ جماعتیں نفرتوں کی سیاست کررہی ہیں تاکہ عوام ان پر انگلی نہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی پر امریکا سے مذاکرات پارلیمنٹ کی توہین ہے، بحالی کا فیصلہ قومی امنگوں کے منافی ہوگا، قوم اس فیصلے کو قبول نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک جانب ملک خطرات سے گھرا ہے تو دوسری جانب داخلی محاذ پر بڑے پیمانے پر فحاشی و عریانی کو فروغ دے کر ملک کی نظریاتی شناخت کو مسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جس کی اجازت عوام نہیں دے سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو ایک اسلامی، خوشحال اور ترقی یافتہ مملکت بنانا چاہتی ہے۔ رابطہ عوام مہم دراصل عوامی بیداری کی مہم ہے۔ جماعت اسلامی کے تحت 10 جون کو ہونے والا جلسہ اسلامی انقلاب عوام کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تمام تر جدوجہد کا واحد مقصد اللہ کی رضا ہے، ہم تعمیر کردار اور تطہیر افکار کے ذریعے پورے معاشرے کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں تاکہ اللہ تعالیٰ راضی ہوں اور پاکستان جس مقصد کے لیے وجود میں آیا تھا وہ مقصد پورا ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج پورا معاشرہ افراتفری اور بے یقینی کا شکار ہے، کسی کی جان و مال عزت آبرو محفوظ نہیں، ملک پر مسلط ہونے والی فوجی اور سول حکمرانوں نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، ایسے میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کے باگ ڈور ایسے افراد کے ہاتھوں میں دی جائے جو امین اور خدا خوفی رکھتے ہیں، کرپٹ اور بدعنوان عناصر پاکستان کی تقدیر نہیں بدل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بڑے پیمانے رابطہ عوام مہم شروع کی ہے تاکہ عوام بیدار ہوں اور ملک میں ایک حقیقی اور پائیدار تبدیلی آئے۔ انہوں نے کہا کہ 10 جون کا جسلہ اسلامی انقلاب عوامی احساسات و جذبات کا ترجمان ہوگا۔

اسامہ رضی نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی کا واحد راستہ یہ ہے کہ عوام مخلص اور دیانتدار لوگوں کو منتخب کریں، جماعت اسلامی ہی ملک کو دیانتدار قیادت فراہم کر سکتی ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لیے ایک ایک گھر جا کر ایک ایک فرد سے رابطہ کریں اور اس جلسے کا تاریخ ساز بنانے کی جدوجہد کریں۔
خبر کا کوڈ : 163384
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش