0
Monday 30 Apr 2012 15:17

لیاری آپریشن، 20 ہلاک جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی

لیاری آپریشن، 20 ہلاک جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی
اسلام ٹائمز۔ لیاری میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کے آپریشن میں فائرنگ، دستی بم اور راکٹ حملوں میں مزید دو پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے، تین دنوں کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ جبکہ مسلح افراد کی جانب سے بھرپور مقابلہ کیا جارہا ہے جس کے باعث دو ڈی ایس پی، ایک اے ایس آئی اور 12 پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق پولیس اور ایف سی کے 2 ہزار سے زائدا ہلکار، کمانڈوز، جدید اسلحے سے لیس درجنوں پولیس موبائلیں، کئی بکتر بند گاڑیاں آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ خیال تھا کہ ایک دو دن میں جرائم پیشہ عناصر سلاخوں کے پیچھے ہوں گے مگر پھر راکٹ برسے، دستی بم حملے جرائم پیشہ عناصر نے وہ فائرنگ کی پولیس اور ایف سی کو ایک ایک قدم آگے بڑھنا محال ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس ایک فائر کرتی ہے تو جرائم پیشہ عناصر پورا برسٹ مار رہے ہیں۔ پولیس نے چیل چوک کا کنٹرول حاصل کیا ہی تھا کہ ایک منٹ میں پانچ راکٹ فائر کئے گئے جس سے دو کیمرہ مینوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ نہ شہریوں کا خیال کررہے ہیں اور نہ ہی میڈیا کا، بس راکٹ بر سا رہے ہیں۔ لیاری کے علاقوں میں گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس کو کسی بھی گلی کا مکمل کنٹرول حاصل نہیں ہو پایا جبکہ چوہدری اسلم کہتے ہیں کہ گبول پارک کا بھی کنٹرول حاصل کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کے پاس جدید ترین روسی ساختہ اسلحہ اور گولیاں بھی ہیں جو بکتر بند گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا رہی ہیں۔ پیرا میڈیکل اسٹاف کے مطابق جرائم پیشہ افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالوں کے جسموں سے بڑے اسلحے کی گولیاں برآمد ہوئی ہیں جبکہ کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

ذرائع کے مطابق لیاری کے علاقے چیل چوک پر چھ راکٹ فائر کئے گئے، ذرائع کے مطابق جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی میں اتوار کو سی آئی ڈی پولیس فیض احمد اور اصغر جاں بحق ہوگئے جبکہ دو مبینہ جرائم پیشہ افراد بھی گرفتار ہوئے ہیں اور فائرنگ کی زد میں ایک شہری بھی مارا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جرائم پیشہ افراد کی جانب سے لیاری کے علاقے چیل چوک میں راکٹ حملوں سے ڈی ایس پی نواز، ڈی ایس حاجی رزاق سمیت متعدد اہلکار زخمی ہوگئے ہیں جبکہ نجی ٹی وی کے دو کیمرہ مین عارف اور آصف بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اتوار کو بھی لیاری کے علاقے چیل چوک اور بہار کالونی میں راکٹوں کی بارش کی گئی۔ بہار کالونی میں ایک راکٹ مدرسے میں جاگرے جس کے سبب مدرسے کی کھڑیاں اور دیوار کو نقصان پہنچا۔

ذرائع کے مطابق انتہائی مطلوب بابا لاڈلہ کے برادر نسبتی کی ہلاکت کے بعد پولیس کے آپریشن میں تیزی آگئی۔ ذرائع کے مطابق ایس ایچ او سول لائن فواد خان کے قتل کا مقدمہ بھی اتوار کو درج کرلیا گیا۔ مقدمہ کالعدم امن کمیٹی کے رہنما عذیر جان بلوچ، حبیب جان اور ظفر بلوچ سمیت دیگر کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس آپریشن میں پولیس اور رینجرز کے درمیان رقابت بھی کھل کر سامنے آئی ہے، اتنے مشکل حالات کے باوجود بھی پولیس نے رینجرز کو طلب نہیں کیا ہے، اس مناسبت سے آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ رینجرز ہمیشہ آخر موقع پر آکر پولیس کی ساری محنت کو اپنے نام کر لیتی ہے۔ اندرون خانہ معاملات چاہے کچھ بھی ہوں، اس آپریشن میں اب تک کئی بے گناہ جانوں کے علاوہ خود پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت کئی سپاہی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 157801
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش